سیکرٹری اوقاف کا شرقپورکا دورہ،دربار میاں شیر محمد شرقپوری کی ترقیاتی سکیم کاجائزہ لیا

بدھ 20 اگست 2025 23:09

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اگست2025ء) سیکرٹری /چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضابخاری نے شرقپور کے دورے کے موقع پر دربار حضرت میاں شیر محمد شرقپوری پر جاری ترقیاتی سکیم کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کام کے معیار کی تعریف کی، تاہم رفتار کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا، اس موقع پر ڈائریکٹر پراجیکٹس اوقاف رفیق نور وٹو، اسسٹنٹ ڈائریکٹر آرکیٹیکٹ محمد ثقلین،ڈرافٹسمین صدر دفتر سیّد اطہر علی اور اوقاف انجینئرنگ ونگ کے دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔

سیکرٹری اوقاف نے اس موقع پر گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ حضرت میاں شیر محمد شرقپوری کا آستاں خطّے میں نقشبندی سلسلے کی اہم خانقاہ ہے۔ لہٰذا اس کے طرز تعمیر میں اور بالخصوص اس کے مرکزی دروازہ کو اس سلسلے کے بانی حضرت بہاء ٴْ الدین نقشبندی بخاری کی درگاہ سے مماثل بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حضرت میاں شیر محمد شرقپوریؒ نے امن و آشتی اور انسانیت کی عظمت کا درس دیا۔

حکومت صوبہ بھرکے مزارات کو'' ماڈل شرائن'' کے طور پر آراستہ کر رہی ہے۔ انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے صوفیاء کی تعلیمات کا ابلاغ ضروری ہے۔ مزارات پر زائرین کے لیے بہترین سہولیات کی فراہمی حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر پراجیکٹس نے بتایا کہ دربار حضرت میاں شیر محمد شرقپوری ؒ ترقیاتی منصوبہ مالیتی 3 کروڑ 80 لاکھ روپے میں مزار شریف کے داخلی دروازہ کی تزئین و آرائش،چار دیواری،وضو گاہ کی تعمیر نواور داخلی راستہ کو اونچا کرتے ہوئے ماربل کی فرش بندی کے کام سمیت دیگر ترقیاتی امور شامل ہیں۔

واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ شرائنز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت بجٹ مالی سال 2025-26 میںاوقاف کے لیے تین ارب سے زیادہ کا ترقیاتی بجٹ منظور ہوا، جس میں اوقاف کی 38 نئی ترقیاتی سکیموں شامل ہیں، اس کے ساتھ اوقاف کی 10 جاری سکیموں کے ساتھ ترقیاتی سکیموں کی کل تعداد 48 ہوگئی، جن میں صوبہ بھر کے تمام ڈویژنز و اضلاع کے مزارات و مساجد شامل ہیں۔ سیکرٹری اوقاف نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویڑن کی روشنی میں اوقاف تعمیراتی ورثہ کی حفاظت کے لیے مستعد ہے۔