مشیر صحت خیبرپختونخوا نے سیلاب سے متاثرہ اضلاع کیلئے خیبرپختونخوا ہیلتھ فاؤنڈیشن کے امدادی قافلے کو روانہ کیا

بدھ 20 اگست 2025 20:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2025ء)مشیر صحت خیبرپختونخوا احتشام علی نے صوبے کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع کے لیے خیبرپختونخوا ہیلتھ فاؤنڈیشن کے امدادی قافلے کو روانہ کیا۔ اس موقع پر ایم ڈی ہیلتھ فاؤنڈیشن ڈاکٹر خضر حیات اور ان کی ٹیم بھی موجود تھی، جنہوں نے دس گاڑیوں پر مشتمل امدادی سامان متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ کیا۔

اس قافلے میں ایمرجنسی ادویات، کھانے پینے کی اشیاء اور تربیت یافتہ طبی عملہ شامل تھا۔ مشیر صحت نے ہیلتھ فاؤنڈیشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔مشیر صحت نے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں محکمہ صحت کی جاری سرگرمیوں کی تفصیلات بھی جاری کیں۔ ان کے مطابق اب تک صوبے کے مختلف متاثرہ علاقوں میں 32 میڈیکل کیمپس قائم کیے جا چکے ہیں، جن میں 6939 مریضوں کا معائنہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 33842 مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں جبکہ 5 اموات رپورٹ ہوئیں۔ مجموعی طور پر اب تک 81244 مریضوں کا علاج کیا جا چکا ہے اور 322 اموات صحت مراکز سے رپورٹ ہو چکی ہیں۔مشیر صحت نے خبردار کیا کہ متاثرہ علاقوں میں سانس کی بیماریوں، خارش اور اسہال کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے عوام اور سماجی اداروں سے اپیل کی کہ وہ متاثرہ علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ واٹر بارن بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہو سکے۔

انہوں نے ملیریا کے ممکنہ پھیلاؤ پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیا۔انہوں نے بتایا کہ 18 اگست کو ایک دن میں 270 ایکیوٹ ڈائریا، 244 سانس کی بیماری، 85 خارش، 4 خون آلود اسہال، 8 ملیریا اور 6 کتوں کے کاٹنے کے کیسز رپورٹ ہوئیں۔ ان بیماریوں کے فوری ردعمل کے طور پر محکمہ صحت نے پانی صاف کرنے والی گولیاں، مچھر دانیاں، او آر ایس اور تمام ضروری ویکسین پہلے ہی فراہم کر دی ہیں۔

مشیر صحت نے مزید بتایا کہ محکمہ صحت اور شراکت دار اداروں کے درمیان مؤثر رابطے کے لیے ضلعی سطح پر ہیلتھ کلسٹر فعال کر دیا گیا ہے، جس کے ذریعے سماجی اور ڈونر ادارے محکمہ صحت کے ساتھ مل کر متاثرہ علاقوں میں ضرورت کے مطابق امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں گے تاکہ خدمات کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔