نادراکی شناختی کارڈز و دیگر دستاویزات بنوانیوالے شہریوں کو جعلسازوں سے ہوشیار رہنے کی ہدایت

بدھ 20 اگست 2025 23:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا)نے شناختی کارڈزو دیگر دستاویزات بنوانے والے شہریوں کو جعلسازوں سے ہوشیار رہنے کی تنبیہ کر دی۔ترجمان نے بتایا کہ ادارے کی طرف سے عوام کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پر اتھارٹی سے ملتے جلتے ناموں سے بنائے گئے جعلی پیجز، ویب سائٹس ،جعلی ایڈریس سے بھیجی جانے والی ای میلز اور میسجز سے خبردار رہیں ،کیونکہ کچھ فراڈ عناصر جعلسازی کی مختلف سرگرمیوں میں ملوث ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزیدبتایا کہ یہ عناصر شہریوں کو نادرا سے متعلق خدمات میں معاونت کا جھانسہ دے کر ان کی شناختی معلومات اور فنگرپرنٹس حاصل کر لیتے اور پھر ان کی پراپرٹیز و بینک اکائونٹس تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔نادرا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ شناختی دستاویزات کیلئے نادرا پاک آئی ڈی موبائل ایپ استعمال کر کے اپنا قیمتی وقت ورقم بچائیں اور حساس معلومات کا تحفظ بھی یقینی بنائیں۔ترجمان نے مزید بتایا کہ نادرا ایف آئی اے کے ساتھ مل کر جعلسازوں کے خلاف کارروائی کیلئے ان کا سراغ لگا رہا ہے لہذا شہریوں سے درخواست ہے کہ وہ ان عناصر کی اطلاع ہماری ہیلپ لائن نمبر1777 پر دیں۔