آئی جی پنجاب کی زیر صدارت لاہور سمیت صوبےبھر کے پولیس ریڈرز کا اجلاس، پیپر لیس ورکنگ کی ہدایت کی

جمعرات 21 اگست 2025 11:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورکی زیر صدارت لاہور سمیت صوبہ بھر کے ریڈرز کا اجلاس جمعرات کو منعقد ہوا،جس میں سی سی پی او لاہور سمیت پنجاب بھر کے آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز کے ریڈرز نے شرکت کی۔ترجمان لاہور پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ریڈرز کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا۔

آئی جی پنجاب نے ریڈرز کو پیپر لیس ورکنگ، کرائم ڈیٹا باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت کی ۔ آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ انٹیگریٹڈ کریمینل جسٹس سسٹم کے تحت انصاف کی فراہمی کے لئے پولیس ریکارڈ کا اپ ڈیٹ ہونا انتہائی اہم ہے، ڈی پی اوز اپنے اور ایس ڈی پی اوز کے ریڈرز و متعلقہ دفاتر میں ریکارڈ چیکنگ کے بعد سرٹیفیکیٹس دیں گے، تمام دفاتر میں ریکارڈ درست اور محفوظ ہونے کا خود بھی اچانک جائزہ لوں گا، کرائم ٹرینڈ کی درست نشاندہی، جرائم کی بروقت سرکوبی کے لئے ریڈرز کا ایماندار ہونا لازمی امر ہے۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب نے کہا کہ جرائم کی درست نشاندہی پر ہی سینئر افسران فوری کارروائی اور دفتری امور بطریق احسن انجام دے سکتے ہیں، کرائم ڈائری و ٹرینڈز، اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کا تمام ریکارڈ مستند اور کمپیوٹرائزڈ ہونا چاہئے، متروکہ ردی، بیکار کاغذات تلف کرکے انتہائی ضروری ریکارڈ ہی درست حالت میں رکھا جائے، ریڈرز و دیگر عملہ دفتری امور اور خط و کتابت میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس، جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں، ایف آئی آرز کا فوری اندراج، 1787 پر موصولہ شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے۔

اس موقع پرایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، ڈی آئی جی سٹیبلشمنٹ ون سلیمان سلطان رانا، ڈی آئی جیاسٹیبلشمنٹ ٹو کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک، اے آئی جی ایڈمن اسد اعجاز ملہی، اے آئی جی انسپکشن شائستہ ندیم سمیت دیگر افسران موجود تھے۔