جاپان کےساحل کے قریب موجود امریکی بحریہ کے جہاز میں لگی آگ پر 12 گھنٹے بعد قابو پالیاگیا

جمعرات 21 اگست 2025 13:34

ٹوکیو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) جاپان کےساحل کے قریب موجود امریکی بحریہ کے جہاز میں لگی آگ پر 12 گھنٹے کی جدو جہد کے بعد قابو پالیاگیا۔ اے ایف پی کے مطابق امریکی فوج نے کہا کہ جہاز میں لگنے والی آگ کو بالآخر 12 گھنٹے بعد جمعرات کی صبح بجھایا گیا، آگ بجھانے کے رات بھر جاری رہنے والے آپریشن میں مقامی جہازوں نے حصہ لیا۔

امریکی بحریہ کے ساتویں بیڑے کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بدھ کے روز جاپان کے جنوبی جزیرے اوکی ناوا کے قریب امریکی بحریہ کے جہاز یو ایس ایس نیو اورلینز میں آگ لگ گئی ۔

(جاری ہے)

اس واقعہ میں امریکی بحریہ کے دو اہلکار معمولی زخمی ہوئے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ فی الحال زیرِ تفتیش ہے جبکہ یو ایس ایس نیو اورلینز کا عملہ جہاز پر موجود رہے گا ۔

جاپانی کوسٹ گارڈ کے ترجمان ٹیٹسوہیرو ازوماہیگا نےبتایا کہ چار جہازوں جن میں جاپانی بحریہ کے اور پرائیویٹ کنٹریکٹرز کے جہاز شامل تھے ، نے آگ بجھانے کی کارروائی میں حصہ لیا ۔208.4 میٹر طویل ، 24,433 ٹن وزنی ایمفیبیئس ٹرانسپورٹ ڈاک جہاز وائٹ بیچ نیول فیسلٹی پر لنگر انداز ہے۔ امریکا کے تقریباً 54 ہزار فوجی اہلکار جاپان میں تعینات ہیں جن میں سے زیادہ تر اوکی ناوا میں ہیں۔

متعلقہ عنوان :