پشاور ہائی کورٹ ایبٹ آباد بینچ کی قائم کردہ تجاوزات کمیٹی کا اجلاس، حکم امتناعی کے خاتمہ پر زور

جمعرات 21 اگست 2025 13:47

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) پشاور ہائی کورٹ ایبٹ آباد بینچ کی قائم کردہ تجاوزات کمیٹی کا اجلاس ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل آفس میں میں ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سردار بشارت خان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ٹریفک پولیس، ضلعی انتظامیہ، کینٹ بورڈ، ٹی ایم اے اور آر ٹی اے کے افسران، ہائی کورٹ بار کے صدر، جنرل سیکرٹری اور سینئر وکلاءنے شرکت کی اور ایبٹ آباد شہر میں تجاوزات کے حوالہ سے تفصیلی تبادلہ خیال سمیت مختلف تجویز پیش کی گئیں۔

ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے، شہر سے ریڑھیوں اور تھڑوں کو ہٹانے، منی اڈوں کے خاتمہ، مانسہرہ روڈ، لنک روڈ، مری روڈ، مین بازار، کینٹ بازار، سپلائی، منڈیاں، جھگیاں، نواں شہر کے بازاروں اور سڑکوں سے تجاوزات کے خاتمہ پر اتفاق کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر زرک یار خان طورو، ایس ایس پی ٹریفک قمر حیات خان، سی او کینٹ بورڈ عمر معصوم وزیر، صدر ہائی کورٹ بار خرم غیاث ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری نصیر تنولی ایڈووکیٹ، سابق ہائی کورٹ بار سردار امان ایڈووکیٹ، تنویر مغل ایڈووکیٹ، کرن تنولی ایڈووکیٹ، ٹی ایم اے اور آر ٹی اے کے نمائندوں نے شرکت کی اور نالوں پر قائم تجاوزات کے خلاف حکم امتناعی کے خاتمہ پر بھی زور دیا گیا تاکہ تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن کیا جائے اور شہر میں ریڑھی بانوں کے خاتمہ کیلئے ان کو متبادل جگہ دی جائے اور مانسہرہ روڈ، مری روڈ سمیت دیگر سڑکوں پر الگ الگ سٹاپ بنائے جائیں تاکہ ٹریفک کی روانی تسلسل کے ساتھ جاری رہے۔