سانگلہ ہل ،سروے عملہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور درست معلومات فراہم کریں،ترجمان ضلعی انتظامیہ

جمعرات 21 اگست 2025 14:55

سانگلہ ہل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) ضلع ننکانہ صاحب میں پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری سروے کا آغاز کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شاہد کھوکھر کی زیر نگرانی ضلع ننکانہ صاحب میں ٹیب ڈسٹریبیوشن تقریب منعقد ہوئی، جس کے ساتھ ہی پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری سروے کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔

ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ سروے 18 اگست سے ضلع ننکانہ صاحب میں شروع ہو چکا ہے جس کا مقصد عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے لیے درست اور شفاف ڈیٹا جمع کرنا ہے تاکہ حکومت پنجاب کی جانب سے سماجی و معاشی سہولیات عوام تک زیادہ بہتر انداز میں پہنچ سکیں۔اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ اور سروے ٹیموں کی جانب سے ضلع ننکانہ صاحب کے تمام شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ اپنے ضروری دستاویزات (شناختی کارڈ، بچوں کے ب فارم، اور دیگر متعلقہ کاغذات) اپنے پاس مکمل رکھیں تاکہ سروے ٹیم کے آنے پر کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔

(جاری ہے)

ترجمان ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ سروے کے ضلعی امور کی کوآرڈینیشن اربن یونٹ کے ڈسٹرکٹ مینیجر محمد اویس امتیاز اولکھ کر رہے ہیں، جو ضلعی انتظامیہ اور فیلڈ ٹیموں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہ کر سروے کی منصوبہ بندی، عمل درآمد، معیار کی نگرانی اور شفاف رپورٹنگ کو یقینی بنا رہے ہیں۔عوام سے گزارش ہے کہ سروے عملہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور درست معلومات فراہم کریں تاکہ یہ قومی نوعیت کا اہم سروے کامیابی کے ساتھ مکمل ہو سکے۔\378