موٹروے پولیس اور اینٹی نارکوٹکس فورس کی مشترکہ کارروائی،2کلو آئس اور 103رول کپڑا برآمد، 2ملزمان گرفتار

جمعرات 21 اگست 2025 17:30

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) موٹروےپولیس اوراینٹی نارکوٹکس فورس سرگودھانے مشترکہ طور پر کارروائی کرتے ہوئے سیال موڑ ایم ٹو موٹر وے پر ایک گاڑی سے دو کلو گرام آئس اورغیر ملکی کپڑے کے رول برآمد کر لئے۔ ترجمان موٹر وے کے مطابق موٹروے پولیس اور اینٹی نارکوٹکس فورس سرگودھا نے مشترکہ کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ایم ٹو موٹر وے پر سیال موڑ کے قریب مشکوک گاڑی نمبری LE-7342 کو روکا۔

(جاری ہے)

ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم ناکام رہے اور کھیتوں سے گرفتار کر لیے گئے۔ اس کارروائی کے دوران موٹر وے پولیس نے ملزمان سے دو کلو گرام آئس اور ایک سو تین رول غیرملکی کپڑا برآمد کرلیا۔ گرفتار ہونے والے ملزمان کی شناخت شاکر خان ولد عبد القدوس اور سلیم خان ولد کرامت خان کے نام سے ہوئی ہے، دونوں ملزمان کا تعلق نوشہرہ سے ہے۔ ملزمان، کار برآمد شدہ آئس منشیات اور کپڑے کے رولز کو قانونی کارروائی کے لیے اینٹی نارکوٹکس فورس تھانہ جوہر ٹاؤن لاہور کے حوالے کر دیا گیا۔ مزید کاروائی جاری ہے۔