Live Updates

جیکب آباد میں ٹماٹر کی قیمت آسمان پر، 200 روپے کلو فروخت ہونے لگے، شہری پریشان، انتظامیہ خاموش

جمعرات 21 اگست 2025 17:48

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2025ء) جیکب آباد میں ٹماٹر کی قیمت آسمان پر، 200 روپے کلو فروخت ہونے لگے، شہری پریشان، انتظامیہ خاموش۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں ٹماٹر سمیت پیاز اور دیگر سبزیوں کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئی ہے جس کی وجہ سے عوام سخت پریشان ہے جبکہ مقامی انتظامیہ منافع خوروں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، مارکیٹ کمیٹی کے چیئرمین حاجی محمد حسن لاشاری کے مطابق حالیہ بارشوں کے باعث بولان کے علاقے میں بی بی نانی پل شدید متاثر ہونے کے بعد بڑی گاڑیوں کی آمد و رفت بند ہوگئی ہے، جس کے نتیجے میں کوئٹہ سے سبزیوں کی ترسیل بند ہوچکی ہے سبزیوں کی ترسیل بند ہونے سے قیمت میں اضافہ ہوا ہے راستہ کھلنے کے بعد قیمتیں کم ہوں گی، سبزی فروشوں کے مطابق کوئٹہ کے راستے بند ہونے کے باعث سپلائی محدود ہوگئی ہے ، دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ منڈی مافیا ہر موقع پر مصنوعی بحران پیدا کرکے منافع خوری میں مصروف رہتی ہے ایک شہری نے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ پہلے 60 سے 70 روپے فی کلو ملنے والا ٹماٹر اب 200 روپے کلو ہوگیا ہے باقی سبزیوں کی قیمتیں بھی دگنی ہوچکی ہیں مگر انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اشیائے ضروریہ کی بڑھتی قیمتوں نے غریب اور متوسط طبقے کی کمر توڑ دی ہے شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سبزیوں کی قیمتوں کو فوری طور پر قابو میں لایا جائے اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :