وزیرِصحت وآبادی پنجاب کی ورلڈ بینک نمائندوں سے ملاقات ، خاندانی منصوبہ بندی و کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک پر تبادلہ خیال

جمعرات 21 اگست 2025 21:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) وزیرِ صحت و آبادی پنجاب خواجہ عمران نذیر نے ورلڈ بینک کے نمائندوں سے ملاقات کی ، جس میں فیملی ہیلتھ کیئر، خاندانی منصوبہ بندی اور کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان کے مطابق اس موقع پر نیشنل ہیلتھ سپورٹ پروگرام ہیومن کیپیٹل انوسٹمنٹ پراجیکٹ کی کارکردگی اور امور پر گفتگو کرتے ہوئے ورلڈ بنک کے نمائندوں نے پنجاب گورنمنٹ کی ہیلتھ ریفارمز کی تعریف کی اور کہا کہ ورلڈ بنک کے تعاون سے پنجاب میں صحت کے شعبے کو مذید بہتر بنانے کی حکمت عملی مستحکم ہوگی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ ورلڈ بینک کے ساتھ شراکت معیاری،آسان اور موثر طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے میں معاون ثابت ہو گی۔ انہوں نے مزید کہ حکومت پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی مدد سے صحت کی سہولیات کے معیار میں بہتری لا رہی ہے اوروزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز ہیلتھ سروسز کے نظام کو مزید مستحکم دیکھنا چاہتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ بچوں میں غذائی قلت کم کرنا اور ماں کی صحت میں بہتری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، پنجاب کے شعبہ صحت کو ایک روشن مثال بننے میں آپ کا تعاون، تکنیکی ومالی سپورٹ اور جامع منصوبہ بندی کلیدی کردار ادا کرے گی۔