Live Updates

سیلاب متاثرین کیلئے ایسا ریلیف پیکیج دیا جائے جو نظر بھی آئے ، دکھوں کا حقیقی مداوا کرے،سراج الحق

وزیر اعظم اور وزیر اعلی کے محض ہوائی دوروں سے متاثرہ عوام کی مشکلات کم نہیں ہو سکتیں، سابق امیر جماعت اسلامی

جمعرات 21 اگست 2025 20:30

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2025ء)جماعت اسلامی کے سابق امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کے لیے ایسا ریلیف پیکیج دیا جائے جو نظر بھی آئے اور ان کے دکھوں کا حقیقی مداوا بھی کرے۔ وزیر اعظم اور وزیر اعلی کے محض ہوائی دوروں سے متاثرہ عوام کی مشکلات کم نہیں ہو سکتیں۔وہ مینگورہ میں سوات پریس کلب کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے، جس کی عمارت حالیہ سیلاب میں متاثر ہوئی ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ پریس کلب عوام کی آواز ہے لیکن اس کی عمارت، دفاتر، فرنیچر اور دیگر سامان تباہ ہوچکا ہے۔ اسی طرح سوات کے دیگر علاقوں کی طرح مینگورہ شہر میں بھی ہزاروں افراد نقصان اٹھا چکے ہیں۔ انسانی جانوں کا ضیاع ناقابلِ تلافی ہے، جبکہ گھروں اور کاروباری مراکز کے نقصان کی تلافی حکومت وقت کی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

سابق امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جو لوگ بے گھر ہوچکے ہیں، حکومت انہیں فوری امداد فراہم کرے۔

انہوں نے واضح کیا کہ زبانی دعوے یا رسمی دورے متاثرین کے کام نہیں آتے۔سراج الحق نے الخدمت فانڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کے سینکڑوں کارکن متاثرہ علاقوں میں کھانے، پینے کے صاف پانی، ادویات کی فراہمی اور گھروں و دکانوں کی صفائی میں دن رات مصروف ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے صاف پانی فراہم کرنے والے ایک موبائل پلانٹ کا افتتاح بھی کیا جو مختلف متاثرہ علاقوں میں فلٹر شدہ پانی پہنچائے گا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات