گرین بس پروجیکٹ کی کامیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید جدید بسیں خرید لی گئی ہیں،سیکرٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان

جمعرات 21 اگست 2025 21:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) حکومت بلوچستان نے عوام کو معیاری اور باوقار سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایک اور بڑا قدم اٹھایا ہے۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان محمد حیات کاکڑ نے بتایا ہے کہ گرین بس پروجیکٹ کی کامیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید جدید بسیں خرید لی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایات پر مجموعی طور پر 21 نئی بسیں لائی جا رہی ہیں، جن میں سے 17 کوئٹہ اور 4 تربت کے لیے مختص ہیں۔

کوئٹہ میں عوام کی سہولت کے پیشِ نظر ان بسوں میں سے 5 پنک بسیں خواتین کے لیے مخصوص ہوں گی جو مقررہ اوقات میں صرف خواتین کے لیے چلائی جائیں گی، جبکہ باقی 12 گرین بسیں بھی شہر کی مختلف روٹس پر دوڑتی نظر آئیں گی۔تمام بسوں کی انسپیکشن اور شپمنٹ مکمل ہو چکی ہے، اور بہت جلد یہ بسیں کوئٹہ اور تربت کی سڑکوں پر چلنا شروع کر دیں گی۔