گلگت بلتستان میں سیلاب سے متاثرہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے تیزی سے کام جاری

جمعرات 21 اگست 2025 22:50

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) گلگت بلتستان میں سیلاب سے متاثرہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے تیزی سے کام جاری ہے ۔گلگت بلتستان میں صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر سے جاری تفصیلات کے مطابق صوبے میں حالیہ بارشوں اور بادل پھٹنے کے بعد سیلاب سے بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں،شاہراہ قراقرم ، جگلوٹ سکردو روڈ سمیت دیگر مرکزی شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا ہے جبکہ پھنڈر، شمشال، چپورسن روڈ، ہوشے ویلی روڈ اور داسو روڈ کی بحالی کے لیے تیزی سے کام جاری ہے اسی طرح سیلاب کے دوران مختلف حادثات میں 45 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 42 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سیلاب سے گلگت بلتستان میں 319 مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں جبکہ 674 مکانات کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے، ضلع دیامر میں سیلاب سے 19 افراد جاں بحق، 10 زخمی ،114 مکانات مکمل طور پر تباہ جبکہ 493 مکانات کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق گلگت بلتستان ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کی جانب سے متاثرین سیلاب میں 2520 ٹینٹ،1850 فوڈ پیکس ،3250 کمبل ،14 ہزار ریت کے بیک ،سلپنگ بیک ،میٹرس ہائیجین کٹ سمیت بڑے پیمانے پر دیگر ضرورت کی چیزیں تقسیم کی گئی ہیں۔