انگلینڈ کی ویمنز فٹ بال ٹیم کپتان لیا ولیم سن گھٹنے کی انجری کے باعث ویمنز سپر لیگ کے آغاز سے باہر

جمعہ 22 اگست 2025 22:19

انگلینڈ کی ویمنز فٹ بال ٹیم کپتان لیا ولیم سن گھٹنے کی انجری کے باعث ..
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء)انگلینڈ ویمنز فٹبال ٹیم کی کپتان اور آرسنل کی سٹار ڈیفنڈر لیا ولیم سن گھٹنے کی انجری کے باعث ویمنز سپر لیگ (ڈبلیو ایس ایل )کے ابتدائی میچز میں شرکت نہیں کر سکیں گی۔28 سالہ سنٹر بیک لیا ولیم سن حالیہ یورو 2025 کے فائنل کے دوران گھٹنے کی انجری کا شکار ہوگئیں تھی ، جس کے بعد وہ آرسنل کے جرمنی میں ہونے والے پری سیزن تربیتی کیمپ میں بھی شامل نہیں ہو سکیں۔

آرسنل کے مطابق لیا ولیم سن کے دائیں گھٹنے میں سوجن کے باعث انہیں ایک چھوٹا سا سرجیکل کلین اپ آپریشن کروانا پڑا جو کامیاب رہا۔ وہ اس وقت بحالی صحت کے مرحلے سے گزر رہی ہیں ، لیکن کئی ہفتوں تک کھیل نہیں سکیں گی۔آرسنل جو گزشتہ سیزن میں ویمنز چیمپئنز لیگ کی فاتح رہی، اپنی ویمنز سپر لیگ کے مہم کا آغاز 6 ستمبر کو لندن سٹی لائنیسز کے خلاف کرے گی ،جہاں لیاولیم سن کی غیر موجودگی آرسنل کی دفاعی لائن کے لیے ایک بڑا دھچکا ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

قابل ذکر بات یہ ہے کہ لیا ولیم سن کو اپریل 2023 میں مانچسٹر یونائیٹڈ کے خلاف میچ کے دوران (اے سی ایل ) انجری کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے باعث وہ تقریباً 10 ماہ فٹبال سے دور رہیں اور ویمنز ورلڈ کپ 2023 میں بھی شرکت نہیں کر پائی تھی ، تاہم ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ حالیہ چوٹ ان کی پرانی انجری سے منسلک نہیں ہے۔لیا ولیم سن نے یورو 2025 کے فائنل میں فل 90 منٹ اور اضافی وقت کھیل کر انگلینڈ کو سپین کے خلاف پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 1-3 کی جیت دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔دوسری جانب، انگلینڈ کی ایک اور اہم کھلاڑی لارن جیمز بھی ٹخنے کی انجری کے باعث چیلسی کی جانب سے سیزن کے آغاز میں دستیاب نہیں ہوں گی۔ انہیں بھی یورو چیمپئن شپ جیتنے کے دوران چوٹ لگی تھی۔