فٹنس مسائل، آسٹریلوی ٹینس کھلاڑی نک کرگیوس مسلسل تیسرے سال بھی یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ سے باہر

جمعہ 22 اگست 2025 22:19

فٹنس مسائل، آسٹریلوی ٹینس کھلاڑی نک کرگیوس مسلسل تیسرے سال بھی یو ..
کینبرا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء)آسٹریلیا کے معروف ٹینس سٹار نک کرگیوس نے مسلسل تیسرے سال یو ایس اوپن سے دستبرداری کا اعلان کر دیا ہے۔30 سالہ نک کرگیوس طویل عرصے سے کلائی، ٹخنے اور گھٹنے کی انجری میں مبتلا ہیں، جس کے باعث وہ 2023 سے اب تک بین الاقوامی ٹینس مقابلوں میں شاذ و نادر ہی نظر آئے ہیں، رواں سیزن میں وہ صرف پانچ سنگلز میچز کھیل پائے ہیں، جن میں سے صرف ایک میچ میں کامیابی حاصل ہوئی جبکہ باقی چار میں شکست ان کا مقدر بنی۔

سابق ومبلڈن فائنلسٹ نک کرگیوس کی عالمی درجہ بندی تنزلی کا شکار ہو کر نمبر 644 تک جا پہنچی ہے۔یاد رہے کہ وہ اکتوبر 2016 میں عالمی نمبر 13 کی بلند ترین پوزیشن پر پہنچے تھے۔ وہ اے ٹی پی ٹور پر 7مرتبہ ٹائٹل جیت چکے ہیں اور اب تک 1 کروڑ 26 لاکھ ڈالر سے زائد کی انعامی رقم بھی کما چکے ہیں۔

(جاری ہے)

نک کرگیوس نے 2022 ومبلڈن فائنل میں نوویک جوکووچ کے خلاف تاریخی مقابلہ کھیلا تھا، جس میں انہیں شکست ہوئی، لیکن اسی سال یو ایس اوپن کے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرنا ان کا وہاں سب سے بہترین ریکارڈ رہا۔نک کرگیوس کے مداحوں کے لیے ان کی مسلسل غیر موجودگی یقیناً مایوس کن ہے جبکہ ماہرین کے مطابق اگر انجریز کا سلسلہ جاری رہا تو ان کا پیشہ ورانہ کیریئر مزید خطرے میں پڑ سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :