بھارتی کرکٹ ٹیم کو ایشیا کپ 2025 میں پاکستان کیخلاف کھیلنے کی اجازت مل گئی

جمعہ 22 اگست 2025 22:19

بھارتی کرکٹ ٹیم کو ایشیا کپ 2025 میں پاکستان کیخلاف کھیلنے کی اجازت مل ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء)بھارتی حکومت نے بھارتی کرکٹ ٹیم کی ایشیا کپ 2025 میں شرکت کی منظوری دے دی ہے، جس سے آئندہ ماہ پاک بھارت ٹاکرے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔بھارتی وزارت کھیل نے تصدیق کی کہ بھارتی مینز کرکٹ ٹیم ایشیا کپ 2025 میں شرکت کرے گی کیونکہ یہ ایک کثیرالملکی ایونٹ ہے۔بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق وزارت کھیل نے اعلان کیا کہ بھارت اور پاکستان کی ٹیمیں بین الاقوامی مقابلوں میں مدمقابل ہوسکتی ہیں تاہم پاکستان کے ساتھ دو طرفہ سیریز کسی صورت نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

بھارتی وزارت کھیل کے مطابق کسی بھی کھیل کی ٹیم کو پاکستان جانے کی اجازت نہیں ملے گی اور نہ ہی کوئی پاکستانی ٹیم بھارت میں کسی دو طرفہ مقابلے میں شریک ہوسکے گی۔بھارتی وزارت کھیل کی جانب سے کہا گیا کہ نئی پالیسی کے مطابق بھارت کی ٹیم ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف میچ شیڈول کے مطابق کھیلے گی کیونکہ یہ کثیرالملکی ایونٹ ہے جس میں پاکستان کے علاوہ خطے کی دیگر ٹیمیں بھی شریک ہوں گی۔واضح رہے کہ ایشیا کپ 9 ستمبر سے یو اے ای میں شروع ہوگا،ٹورنامنٹ میں پاک بھارت مقابلہ 14 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔