پی ایس ایل، فرنچائزز کی ویلیوایشن کیلئے غیرملکی کمپنی کا تقرر

کمپنی آئندہ ماہ کام شروع کرے گی اور چھ ہفتوں میں آڈٹ مکمل کر کے رپورٹ جمع کرائے گی

جمعہ 22 اگست 2025 22:19

پی ایس ایل، فرنچائزز کی ویلیوایشن کیلئے غیرملکی کمپنی کا تقرر
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء)پاکستان سپر لیگ اور فرنچائزز کی ویلیوایشن کیلئے غیرملکی کمپنی کا تقرر کر لیا گیا۔ کمپنی کی رپورٹ کی روشنی میں موجودہ ٹیموں کی نئی فیس و دیگر امور کا فیصلہ ہو گا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے 10 سال مکمل ہونے پر اب موجودہ تمام فرنچائزز کے معاہدوں کی تجدید ہو گی۔ موجودہ فیس میں کم از کم 25 فیصد اضافے کا امکان ہے۔

ٹیموں کی ویلیوایشن سے قبل پی سی بی نے گزشتہ دنوں کسی آڈٹ فرم سے معاہدے کیلئے اشتہار دیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ صرف ایک ہی کمپنی ای اینڈ وائی سامنے آئی جس کا تقرر کرلیا گیا۔ای اینڈ وائی کا شمار دنیا کی معروف آڈٹ کمپنیز میں ہوتا ہے۔ کمپنی آئندہ ماہ کام شروع کرے گی اور چھ ہفتوں میں آڈٹ مکمل کر کے رپورٹ جمع کرائے گی۔

(جاری ہے)

کمپنی موجودہ فرنچائزز اور پی سی بی سے مالی معاملات کی تفصیلات لے گی۔

گوکہ فرنچائزز اکاؤنٹس تفصیلات جمع کرانے کی پابند نہیں ہیں لیکن ایسا نہ کرنے پر کمپنی اپنی مرضی سے فیگرز لکھ دے گی جس سے انہیں نقصان ہو سکتا ہے۔پی ایس ایل ٹیموں کو ہر سال پی سی بی کے پاس بھی اکاؤنٹس جمع کرانا ہوتے ہیں البتہ بہت کم ہی ایسا ہوتا ہے،اکتوبر میں رپورٹ ملنے کے بعد پی سی بی موجودہ فرنچائزز کی فیس اور دو نئی ٹیموں کی مالیت کا فیصلہ کرے گا۔یاد رہے کہ سلمان نصیر کی زیرسربراہی لیگ کے معاملات انتہائی سست روی کا شکار ہیں، وہ اپنی ٹیم تیار کرسکے نہ ہی نئے کمرشل معاہدوں پر کام ہوا۔کچھ عرصے قبل فرنچائزز سے چند روز میں 11 ویں ایڈیشن کی تاریخیں بتانے کا کہا گیا تھا تاہم یہ وعدہ بھی وفا نہ ہو سکا۔