لیبیا : اقوام متحدہ کے مشن دفتر پر حملے کی کوشش کو ناکا م بنا دیاگیا

جمعہ 22 اگست 2025 22:42

طرابلس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اگست2025ء) لیبیا میں اقواوم متحدہ کے مشن دفتر پر حملے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا ، اسلحہ سے لدی گاڑی کو سیکیورٹی فورسز نے قبضے میں لے لیا ۔لیبیائی حکام کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے اس منصوبے کا بروقت پتا چلایا اور کارروائی کرتے ہوئے اس گاڑی کو قبضے میں لے لیا جو راکٹوں اور لانچنگ بیس سے لیس تھی۔

حکومت کی جانب سے جاری بیان میں اس کوشش کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ ایک خطرناک اقدام ہے جس کا مقصد ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانا اور لیبیا کے بین الاقوامی برادری کے ساتھ تعلقات کو بگاڑنا ہے۔ بیان میں وزارتِ داخلہ اور اس کے اداروں کی کوششوں کو سراہا گیا۔حکام نے زور دیا کہ اس جرم کے مرتکب افراد اور ان کے پشت پناہوں کا پیچھا کرنا ریاست کی ایسی ذمے داری ہے جس میں کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی، انھیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

(جاری ہے)

مزید کہا گیا کہ حکومت اپنے منصوبے پر کاربند ہے جس کا مقصد پیشہ ور اور متحد سیکیورٹی ادارے قائم کرنا اور قانون سے باہر مسلح گروہوں کے خاتمے کے ذریعے ریاست کے استحکام اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانا ہے۔واضح رہے کہ جمعرات کی شب یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ طرابلس میں اقوامِ متحدہ کے مشن کو نشانہ بنایا گیا، تاہم کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ یہ واقعہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی نمائندہ خصوصی "ہانا ٹیٹی" کی سلامتی کونسل میں بریفنگ کے بعد پیش آیا۔