غزہ میں اسرائیلی جارحیت ناقابلِ برداشت ہے، ریڈ کراس

غزہ ایک بند جگہ ہے، جہاں سے کوئی بھی محفوظ نہیں ہو سکتا ،چیف ترجمان

جمعہ 22 اگست 2025 21:07

غزہ میں اسرائیلی جارحیت ناقابلِ برداشت ہے، ریڈ کراس
جنیوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اگست2025ء)ین الاقوامی تنظیم ریڈ کراس نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیل کی وسیع پیمانے پر جارحیت ناقابلِ برداشت ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق اسرائیلی فوج کی اس منصوبہ بندی، جس میں تقریبا60 ہزار ریزرو فوجیوں کو طلب کیا گیا ہے، نے ان خدشات کو مزید گہرا کر دیا ہے کہ یہ مہم پہلے سے موجود انسانی بحران کو اور بدتر بنا دے گی۔

(جاری ہے)

بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی کے چیف ترجمان کرسچن کارڈن نے بتایا کہ غزہ میں دشمنیوں میں شدت کا مطلب مزید قتل و غارت، مزید نقل مکانی، مزید تباہی اور مزید خوف و ہراس ہے۔انہوں نے کہا کہ غزہ ایک بند جگہ ہے، جہاں سے کوئی بھی محفوظ نہیں ہو سکتا اور جہاں صحت کی سہولیات، خوراک اور محفوظ پانی تک رسائی دن بہ دن کم ہوتی جا رہی ہے۔ دوسری طرف امدادی کارکنوں کی سکیورٹی ہر گھنٹے کے ساتھ مزید خراب ہوتی جا رہی ہے۔ یہ ناقابلِ برداشت ہے۔غزہ کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق اسرائیلی حملوں میں اب تک 62,122 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں اکثریت عام شہریوں کی ہے۔