کرائم ایمرجنسی، ٹرمپ کا نیشنل گارڈز کے ہمراہ واشنگٹن کی سڑکوں پر گشت کا اعلان

جمعہ 22 اگست 2025 12:42

کرائم ایمرجنسی، ٹرمپ کا نیشنل گارڈز کے ہمراہ واشنگٹن کی سڑکوں پر گشت ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےاعلان کیا ہے کہ وہ نیشنل گارڈز کے ہمراہ واشنگٹن کی سڑکوں پر گشت کریں گے۔ اردو نیوز کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہاہے کہ واشنگٹن ڈی سی کو درپیش کرائم ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے طاقت کا مظاہرہ کرنا ضروری ہے۔یہ اعلان ایسے وقت سامنے آیا جب بدھ کو نائب صدر جے ڈی وینس کو واشنگٹن میں تعینات فوجیوں سے ملاقات کے دوران عوام کی طرف سے شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑا، ان کے خلاف نعرے بازی بھی ہوئی ۔

رپورٹس کے مطابق واشنگٹن میں 800 نیشنل گارڈ تعینات کیے گئے ہیں جبکہ ری پبلکن اکثریتی ریاستوں اوہائیو، لوزیانا، مسی سیپی، ساؤتھ کیرولائنا، ٹینیسی اور ویسٹ ورجینیا نے مزید ایک ہزار 200 اہلکار بھیجے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ نیشنل گارڈز نیشنل مال، یادگاروں، بیس بال سٹیڈیم اور شہر کی دوسری اہم جگہوں پر تعینات دیکھے گئے ہیں۔کچھ شہریوں کی جانب سے ان اقدامات کا خیرمقدم کیا گیا ہے جبکہ متعدد نے شکایت کی ہے کہ یہ طاقت کا غیرضروری مظاہرہ ہے اور یہ ان علاقوں میں نظر ہی نہیں آ رہا جہاں جرائم کی شرح زیادہ ہے۔

ری پبلکن سیاست دانوں کا الزام ہے کہ واشنگٹن جرائم، بے گھر افراد کی بڑھتی تعداد اور بدانتظامی کا شکار ہے تاہم پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق کووڈ 19 کے بعد بڑھنے والے جرائم کی شرح میں2023 اور 24 کے دوران نمایاں کمی آئی ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل پناہ گزینوں کے خلاف آپریشن کے دوران پیدا ہونے والی بدامنی اور قانون کی عمل داری کو برقرار رکھنے کے لیے صدر ٹرمپ لاس اینجلس میں نیشنل گارڈز اور یو ایس میرینز کو بھی تعینات کر چکے ہیں۔