ڈی پی او کی زیر نگرانی پولیس کی سٹی سرکل ،پروآ سرکل میں کارروائیاں،ڈکیت زخمی حالت میں گرفتار

جمعہ 22 اگست 2025 20:10

ڈیرہ اسماعیل خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سجاد احمد صاحبزادہ کی زیر نگرانی پولیس نے سٹی سرکل اور پروآ سرکل کی حدود میں دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران ڈکیتوں کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کرلی۔پہلی کارروائی سٹی سرکل پولیس نے ڈی ایس پی سٹی حافظ محمد عدنان کی قیادت میں ایس ایچ او سٹی تیمور خان مروت اور ایس ایچ او کینٹ ارسلان خان گنڈہ پور کے ہمراہ ایک نجی بینک کے باہر خفیہ اطلاع پر کی۔

پولیس موقع پر پہنچی تو موٹرسائیکل پر سوار ڈکیتوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ڈکیت زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جس کی شناخت زاہد ولد عزیز اللہ قوم کنڈی سکنہ پائی ضلع ٹانک کے نام سے ہوئی، جبکہ دوسرا ڈکیت ٹریفک کے رش کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگیا۔

(جاری ہے)

گرفتار ملزم کے قبضے سے پسٹل بمعہ ایمونیشن برآمد کیا گیا۔

ڈی ایس پی سٹی کے مطابق ملزم ڈیرہ میں ڈکیتی سمیت متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا اور 14 جولائی 2025 کو ہونے والی 10 لاکھ روپے کی بڑی ڈکیتی میں بھی ملوث ہے۔دوسری کارروائی پروآ سرکل پولیس نے سفیدا مائنز کے قریب خفیہ اطلاع پر کی۔ اس دوران ڈاکوں نے پولیس موبائل پر فائرنگ کی جس پر پولیس نے موثر جوابی کارروائی کی اور ایک بدنام زمانہ ڈکیت ہلاک ہوگیا جس کی شناخت بلال عرف بلا ولد اقبال سکنہ لنڈہ پاڑا کے نام سے ہوئی۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے کلاشنکوف بمعہ ایمونیشن اور موٹرسائیکل برآمد کرلی۔ پولیس حکام کے مطابق ہلاک ملزم خطرناک "عمری گروپ" کا کمانڈر تھا اور پولیس پر حملوں، ڈکیتی، چوری اور اقدام قتل سمیت 22 مقدمات میں مطلوب تھا۔ڈی پی او ڈیرہ نے دونوں کارروائیوں میں حصہ لینے والی پولیس ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ایسے آپریشنز آئندہ بھی بھرپور انداز میں جاری رہیں گے۔