ہلمند،ٹریکٹر دریا میں گرنے سے 12 افراد جاں بحق ، 4 زخمی

جمعہ 22 اگست 2025 20:10

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء) افغانستان کے جنوبی صوبہ ہلمندمیں ٹریکٹر دریا میں گرنے سے کم از کم 12 افراد جاں بحق اور 4 دیگر زخمی ہو گئے۔جاں بحق ہونے والوں میں3 خواتین اور 9 بچے شامل ہیں جبکہ 14 افراد کو زندہ بچالیا گیا۔

(جاری ہے)

جنوبی صوبہ ہلمند میں طالبان کے اطلاعات و ثقافت کے سربراہ عبدالباری راشد کے حوالے سے موصولہ اطلاعات میں بتایاگیا ہے کہ یہ واقعہ جمعہ کے روزصوبہ ہلمند کے ضلع گر م سیر کے علاقے میں اس وقت پیش آیا جب ایک کشتی میں ٹریکٹر لادکرضلع گرم سیر سے ضلع ناوی جانے کے لئے دریا عبور کر رہی تھی کہ اچانک توازن بگڑنے سے ٹریکر دریا میں گرگیا جس میں سوار30 مسافر پانی میںڈوب گئے ۔

افغان حکومتی سربراہ عبدالباری کے مطابق اس واقعہ میں 9 بچے اور3 خواتین ڈوب کر جاں بحق ہوگئیں ۔ طالبان کے مقامی سربراہ کے مطابق واقعہ میں4 افراد زخمی بھی ہوگئے جبکہ 14 افراد کو بچا لیا گیا ۔ادھرجمعہ کی صبح صوبہ بغلان میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 24 افراد زخمی ہوئے۔ یادرہے کہ دو روز قبل ہرات میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں مسافر بس میں آگ لگنے سیخواتین اور بچوں سمیت 80 افراد جاں بحق ہو گئے تھے جو ایران سے بدرکئے جانے کے بعد دارالحکومت کابل آرہے تھے۔