پتریاٹہ میں شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا گیا

جمعہ 22 اگست 2025 20:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے گرین پنجاب ویژن کی روشنی اور ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کی ہدایت پر مری کے مشہور سیاحتی مقام پتریاٹہ پر ریجنل منیجر پتریاٹہ چیئر لفٹ میاں معظم نذیر کی زیر نگرانی پودا لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کیا گیا ۔ پتریاٹہ چیئر لفٹ انتظامیہ اور عوام الناس نے شجر کاری مہم میں حصہ لیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ریجنل منیجر پتریاٹہ چیئر لفٹ میاں معظم نذیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے گرین پنجاب ویژن کی روشنی میں شجرکاری مہم کا خصوصی انعقاد کیا گیا۔ شجر کاری مہم کا مقصد نہ صرف پودے لگانا ہے بلکہ اس عزم کا اظہار کرنا بھی ہے کہ ہم پودوں اور درختوں کی حفاظت کریں گے۔ مری میں جنگلات کو نہ صرف بچایا گیا ہے بلکہ بڑھایا گیا ہے جس بنا پر شدید موسم کے اثرات سے یہ علاقہ محفوظ رہا۔ سیاحت کیلئے سب سے محفوظ، نزدیک ترین اور خوبصورت مقام مری و پتریاٹہ ہے۔