صوبائی حکومت عوام کو سفر کی جدیدسہولیات کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے،لیاقت لہڑی

پیپلز ٹرین سروس شروع کرنے سے متعلق ریلوے سے معاملات جلد طے کئے جائیں،پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ

جمعہ 22 اگست 2025 20:25

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء)پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کو سفر کی جدیدسہولیات کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا،پیپلز ٹرین سروس شروع کرنے سے متعلق ریلوے سے معاملات جلد طے کئے جائیں۔

یہ بات انہوں نے جمعہ کو عوام کوسفرکی سہولیات کی فراہمی سے متعلق سہولیات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ حیات خان کاکڑ،شکیل احمد بلوچ اوردیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی کی طرف سے وکلائ کیلئے اعلان کردہ 100پنک اسکوٹیز اور بس کی فراہمی کیلئے ٹینڈر آئندہ ایک دو روز میں کردیا جائے گاجبکہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر عوام کو سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے 21نئی بسیں خرید لی گئی ہیں جو کوئٹہ کوئٹہ پہنچ جائیں گی جن میں سے 17بسیں کوئٹہ اور 4تربت کے عوام کیلئے مختص ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پیپلز ٹرین سروس کے حوالے سے ریلوے حکام کی طرف سے کوئی تسلی بخش جواب نہیں دیا جارہا ہے۔پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ میرلیاقت لہڑی نے کہا کہ عوام کوسہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے جس کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے کوئٹہ شہر میں عوام کی سہولت کیلئے گرین بس سروس شروع کی جس سے روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں افراد استفادہ کر رہے ہیں مزید بسیں آنے کے بعد کوئٹہ کے دیگر علاقوں میں بھی بس سروس شروع کی جائے گی۔

انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان نے عوام کو سفر کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے پیپلز ٹرین سروس شروع کرنے کا اعلان کیا اور اس حوالے وفاقی وزیر ریلوے نے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ریلوے حکام سے پیپلز ٹرین سروس سے متعلق معاملات جلد طے کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ آج کے اجلاس کے بارے میں ریلوے حکام کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی تھی لیکن کسی بھی ریلوے کے افسر نے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔