گورنر سندھ نے صوبائی موٹر وہیکلز (ترمیمی) بل 2025 کی منظوری دے دی، سڑکوں پر حفاظتی اقدامات مزید سخت

جمعہ 22 اگست 2025 22:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے صوبائی موٹر وہیکلز (ترمیمی) بل 2025 کی منظوری دے دی ہے، انہوں نے کہا کہ اس بل کی منظوری صوبے میں ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم اقدام ثابت ہوگا۔تفصیلات کے مطابق، اس قانون کے تحت موٹر وہیکلز قوانین کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ ہیوی وہیکلز کے ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا پر مزید شرائط عائد کی گئی ہیں۔

اسی طرح ایل ٹی وی اور ایچ ٹی وی لائسنس کے حصول کے لیے پری لائسنس ٹریننگ کورس کو لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ ڈرائیورز کو عملی مہارت اور آگاہی فراہم کی جا سکے۔بل میں ڈرائیورز کے لیے ڈی میرٹ پوائنٹ سسٹم بھی متعارف کرایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس نظام کے تحت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ڈرائیونگ لائسنس پر پوائنٹس درج ہوں گے اور مقررہ حد سے زیادہ پوائنٹس ہونے پر لائسنس معطل یا منسوخ کیا جا سکے گا۔

گورنر سندھ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام بار بار خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کے لیے بازپرس کا ذریعہ ثابت ہوگا اور عوامی تحفظ میں اضافہ کرے گا۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے اس بل کی منظوری آئین کے آرٹیکل 116 کے تحت دی ہے، اور یہ قانون فوری طور پر نافذ العمل ہوگیا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا ہے کہ کراچی سمیت صوبے بھر میں گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور ٹریفک حادثات کے پیش نظر یہ قانون سازی وقت کی اہم ضرورت تھی۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ اس نئے قانونی فریم ورک سے ڈرائیورز میں نظم و ضبط پیدا ہوگا، شہریوں کو ریلیف ملے گا اور صوبے میں سڑکوں پر سفر مزید محفوظ بنایاجاسکے گا۔

متعلقہ عنوان :