بارش کے بعد نیو کراچی ٹاؤن کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے چیئرمین محمد یوسف اور جماعت اسلامی کے نمائندوں کا مختلف علاقوں کا دورہ

سندھ حکومت صرف اپنی جماعت سے تعلق رکھنے والی یونین کونسلزکو فنڈز فراہم کررہی ہے ،چیئرمین محمد یوسف

جمعہ 22 اگست 2025 22:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء) چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا ہے کہ عوام کوصاف وشفاف ماحول کی فراہمی کے لئے تمام دستیاب وسائل برئوے کار لارہے ہیں۔متعلقہ عملے کو چوبیس گھنٹے مستعد رہنے کی ہدایت کے ساتھ ٹاؤن کو صاف و شفاف رکھنے کے لئے نکاسی آب اورصفائی ستھرائی کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری ہے ۔ ان خیالات کا اظہارچیئرمین محمد یوسف نے سیکٹر 5-B/2 نارتھ کراچی اور سندھی ہوٹل سیکٹر 5-J میں برساتی پانی کے نکاسی کے کام کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ یونین کمیٹی کے چیئرمیز ،وائس چیئرمیز اور عوامی نمائندوں کے ساتھ متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے ۔اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت صرف ان یونین کونسلز میں ترقیاتی کام کروا رہی ہے جن کا تعلق ان کی جماعت سے ہے، جبکہ نیو کراچی ٹاؤن کی حالت انتہائی خراب ہے اور عوام شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی کے نمائندے اور قیادت ہمیشہ عوام کے شانہ بشانہ موجود رہے ہیں اور ہم نے اپنے وسائل میں رہتے ہوئے ضروری کام کرائے ہیں، لیکن سندھ حکومت کی طرف سے ٹاؤن کو کوئی ترقیاتی فنڈز فراہم نہیں کیے گئے۔ ان کے مطابق ہر ماہ ملنے والی OZT کی رقم صرف ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی میں ختم ہو جاتی ہے، جس کے بعد ترقیاتی منصوبوں کے لیے کچھ بھی نہیں بچتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں سیوریج کا نظام مکمل طور پر تباہ و برباد ہو چکا ہے۔ مدینہ کالونی، رحمانیہ موڑ، دومنٹ کی چورنگی اور سندھی ہوٹل کے اطراف کے رہائشی علاقوں میں آج بھی گھروں کے اندر گندا پانی جمع ہے، جس کی وجہ سے عوام سخت مشکلات سے دوچار ہیں۔محمد یوسف نے سندھ حکومت اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے منتخب ٹاؤنز کو نظر انداز کر کے صرف اپنی سیاسی یونین کونسلز میں کام کرانا سراسر ناانصافی ہے۔

اگر حکومت نے فوری طور پر اس روش کو ترک نہ کیا تو عوامی مسائل مزید بڑھیں گے اور اس کی ذمہ دار سندھ حکومت خود ہوگی۔چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن نے عوام کو صبر و حوصلے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کے نمائندے اور قیادت عوام کے ساتھ پہلے بھی کھڑے تھے اور آئندہ بھی شانہ بشانہ رہیں گے۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ مسائل کے حل کے لیے بھرپور جدوجہد جاری رکھی جائے گی اور عوام کو اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا۔