ایک تھنک ٹینک کی طرف سے 12 صوبے بنانے کی تجویز دراصل ایک ناپاک سوچ کی عکاسی ہے، سینیٹر عاجز دھامرہ

جمعہ 22 اگست 2025 22:05

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء)پیپلز پارٹی حیدرآباد ڈویژن کے صدر سینیٹر عاجز دھامرہ نے کہا ہے کہ ایک تھنک ٹینک کی طرف سے 12 صوبے بنانے کی تجویز دراصل ایک ناپاک سوچ کی عکاسی ہے، جس کا مقصد ملک میں تقسیم، انتشار اور خاص طور پر سندھ کی وحدت کو نقصان پہنچانا ہے، صوبوں میں تبدیلی کے لیے آئین میں ایک واضح طریقہ کار موجود ہے، جس میں عوام اور ان کے منتخب نمائندے شامل ہوتے ہیں، لیکن سندھ میں نہ عوام اور نہ ہی ان کے نمائندے کسی بھی صورت سندھ کی تقسیم برداشت کریں گے۔

ایک بیان میں عاجز دھامرہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا ہمیشہ سے ایک دو ٹوک اور آئینی موقف رہا ہے کہ سندھ کسی صورت تقسیم نہیں ہوگا۔ اگر کسی کو سندھ کی تقسیم کا اتنا ہی شوق ہے تو وہ آئین کے تحت اسمبلی میں قرارداد لا کر دیکھ لے، اسے خود بخود اپنی حیثیت کا اندازہ ہو جائے گا، انہوں نے کہا کہ اس طرح کی باتیں پہلے بھی "جناح پور" کے نام پر کی گئیں، لیکن عوام نے ہر بار ان سازشوں کو ناکام بنایا۔

(جاری ہے)

اب ایک بار پھر پرانی شراب کو نئی بوتل میں ڈال کر پیش کیا جا رہا ہے تاکہ عوام میں بے چینی پیدا کی جائے، مگر سندھ کے باسی باشعور ہیں اور اپنے صوبے، شناخت، ثقافت اور وحدت پر کسی بھی حملے کو برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے تاریخی کردار کے تحت سندھ کی جغرافیائی اور نظریاتی وحدت کی حفاظت کرتی رہے گی اور کسی بھی ایسی کوشش کو ناکام بنائے گی جو صوبے کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کے لیے کی جائے۔