لطیف آبادجویریا پلازہ کے قریب پولیس سے مقابلے میں ملزم اول شیر خان ہلاک

جمعہ 22 اگست 2025 22:05

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء)لطیف آباد اے سیکشن تھانہ کی حدود جویریا پلازہ کے قریب پولیس سے مقابلے میں ملزم اول شیر خان ولد قاسم خان پٹھان ہلاک ہو گیا جبکہ دو پولیس اہلکار افراز اور اسفند زخمی ہوئے، پولیس کے مطابق ہلاک ملوث حیدرآباد سے دیگر اضلاع میں 25 سے زائد کیسوں میں ملوث تھا۔

(جاری ہے)

درایں اثنا ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس حیدرآباد رینج طارق رزاق دھاریجو نے پولیس مقابلے میں زخمی پولیس اہلکاروں اسفند یار اورافراز احمد کی نجی ہسپتال میں عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی، انہوں نے زخمی پولیس اہلکاروں کی ہمت و بہادری کی تعریف کی اور اس کو سراہا، انہوں نے اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کو جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سینہ سپر ہو کر بہادری سے اپنے فرائض انجام دینے والے پولیس افسران و اہلکاروں پر فخر ہے، انہوں نے کہا کہ آئی جی پولیس سندھ سے زخمی اہلکاروں کے لئے CC1 اور تعریفی اسناد کی سفارش کی جائے گی، ڈی آئی جی پولیس حیدرآباد رینج نے زخمی اہلکاروں کے علاج معالجے کے لئے مہیا کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ بھی لیا اور ہسپتال انتظامیہ کو اہلکاروں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔