پولیس افسران اور جوان عوام کے جان و مال کے تحفظ کے ضامن ہیں،ڈی پی او ساہیوال

ہفتہ 23 اگست 2025 17:17

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2025ء) ڈی پی او ساہیوال رانا طاہر رحمٰن خان نے کہا ہے کہ پولیس افسران اور جوان عوام کے جان و مال کے تحفظ کے ضامن ہیں، اس مقصد کے لیے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے قانون شکن عناصر کے خلاف مؤثر حکمتِ عملی اپنائی جائے۔ جرائم کے خاتمے اور انصاف کی فراہمی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

اس بات کا اظہار انہوں نے ڈی پی او آفس ساہیوال میں ہونے والی کرائم میٹنگ کے دوران کیا ۔میٹنگ میں ضلع بھر میں جرائم کی موجودہ صورتحال، تھانہ جات کی کارکردگی، مقدمات کے اندراج و تفتیش، اشتہاری مجرمان و عدالتی مفروران کی گرفتاری، انسدادِ منشیات کی مہم، ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائیوں سمیت ٹریفک مینجمنٹ کے معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی پی او ساہیوال نے افسران کو ہدایت جاری کی کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز اور سخت کارروائیاں جاری رکھی جائیں، تھانہ جات میں آنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی کو یقینی بنایا جائے اور ان کے مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام مقدمات کی تفتیش میرٹ پر اور بروقت مکمل ہونی چاہیے جبکہ سنگین نوعیت کے مقدمات میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی دوران میٹنگ افسران کو کارکردگی مزید بہتر بنانے اور پولیس کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کی بھی ہدایات جاری کی گئیں۔\378