کمشنر سرگودھا کی زیر صدارت اجلاس میں محکمہ صحت کی جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت اور زیر التوا سکیموں کا تفصیلی جائزہ

ہفتہ 23 اگست 2025 17:56

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2025ء) کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت اجلاس میں ڈویژن کے چاروں اضلاع میں محکمہ صحت کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت اور زیر التوا سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ منصوبے کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے جبکہ دوسرے مرحلے کے تحت چاروں اضلاع میں مختلف سکیموں پر کام جاری ہے۔

اس وقت ضلع سرگودہا میں تین آر ایچ سیز اور چار بی ایچ یوز، ضلع خوشاب میں ایک آر ایچ سی اور 13 بی ایچ یوز، ضلع میانوالی میں 15 بی ایچ یوز اور ایک آر ایچ سی جبکہ ضلع بھکر میں دو آر ایچ سیز اور چھ بی ایچ یوز کی ری ویمپنگ آخری مراحل میں ہے۔ مزید برآں منصوبے کے تیسرے مرحلے میں ڈسپینسریوں کو بھی شامل کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران بعض زیر التوا سکیموں کی نشاندہی کی گئی جنہیں ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔

اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ ڈویژن بھر میں قائم مریم نواز شریف ہسپتالوں کو فعال کر دیا گیا ہے جبکہ ان کی آﺅٹ سورسنگ کے معاملات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ وہ جلد ان ہسپتالوں کا دورہ کریں گے اور کنٹریکٹرز کی کارکردگی کو حکومت کے ساتھ طے شدہ معاہدوں کے مطابق جانچیں گے۔ ایم ایس ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال نے ٹائلٹ بلاکس کے زیر التواءمنصوبے سے آگاہ کیا جس پر کمشنر نے متعلقہ حکام کو واضح ہدایت دی کہ دس روز کے اندر کام مکمل کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔

اجلاس میں ڈویژن کے چاروں اضلاع کے ڈی ایچ کیو ہسپتالوں کی ری ویمپنگ سے متعلق پیش رفت بھی زیر غور آئی۔ کمشنر نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ منصوبوں کی ذمہ داری خود سنبھالیں، کام کی رفتار کو مزید تیز کریں اور مقررہ مدت کے اندر سکیموں کی تکمیل یقینی بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اس سلسلے میں لیب ٹیسٹنگ ساتھ ساتھ کرائی جائے گی۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ یکم ستمبر سے ضلع میانوالی کی بعض یونین کونسلوں میں خصوصی پولیو مہم شروع کی جا رہی ہے جس کے لیے مائیکرو پلان تیار کر لیا گیا ہے۔ کمشنر نے ڈائریکٹر ہیلتھ کو ہدایت دی کہ ڈویڑن بھر کے تمام سرکاری طبی مراکز میں ادویات کی سو فیصد فراہمی یقینی بنائی جائے اور اس حوالے سے جامع رپورٹ بھی پیش کی جائے۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے کہا کہ وہ خود مختلف منصوبوں کا موقع پر معائنہ کریں گے جبکہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر اسکیموں کی نگرانی کریں۔

اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر رانا محمد ریاض، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل رانا شاہد عمران کے علاوہ چاروں اضلاع کے ایکسین بلڈنگز، ڈی ایچ اوز اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔