گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کا 21واں سنڈیکیٹ اجلاس

ہفتہ 23 اگست 2025 20:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2025ء) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کا 21واں سنڈیکیٹ اجلاس صوبائی وزیر برائے ہائر ایجوکیشن کے نامزد نمائندہ پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین کی جانب سے یونیورسٹی کی تعلیمی، تحقیقی، کمیونٹی آؤٹ ریچ اور انفراسٹرکچر کی نمایاں کاوشوں پر مبنی رپورٹ پیش کی گئی۔

مالی امور کے حوالے سے سنڈیکیٹ نے متفقہ طور پر مالی سال 26-2025ء کے لیے 2.286 ارب روپے کا سرپلس بجٹ منظور کیا اور ملازمین کے لیے 10 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس کی منظوری دی۔ دیگر اہم فیصلوں میں پی ایچ ڈی اسٹڈی لیو پالیسی، پروفیسر آف پریکٹس سے متعلق ایچ ای سی کی ہدایات پر عملدرآمد، اور GCWUF ریگولرائزیشن سروس اسٹیچیوٹس 2023 کی منظوری شامل ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس نے خاص طور پر ان تمام 357 مستقل ملازمین کی ریگولرائزیشن کی توثیق کی جن کی تعیناتیوں میں کوئی بے ضابطگی موجود نہیں۔

خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے سنڈیکیٹ نے ایم ایس/ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز کی فیسوں میں کمی، ڈے کیئر چارجز کو اسکیل کے حساب سے مقرر کرنے اور پوسٹ گریجویٹ طالبات کو ڈے کیئر سہولت فراہم کرنے کی منظوری بھی دی۔یہ تمام اقدامات نہ صرف مالی اور انتظامی استحکام کی ضمانت ہیں بلکہ ادارے کے ملازمین کی فلاح اور خواتین کو بااختیار بنانے میں اہم پیشرفت ہیں۔