ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کا تحصیل ڈسکہ کا دورہ، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ہدایت

ہفتہ 23 اگست 2025 20:40

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صباء اصغر علی نے ہفتہ کو ڈسکہ کا دورہ کیا اور زیر تعمیر کالج روڈ پر پی سی سی ڈالنے کے عمل کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کی رفتار اور معیار کا جائزہ لیتے ہوئے میونسپل کمیٹی ڈسکہ کے مقامی حکام اور کنٹریکٹرز کو سختی سے ہدایت کی کہ تمام جاری منصوبے ستمبر کے آخر تک مکمل کر لیے جائیں۔

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ڈسکہ سٹی میں زیر تعمیر وزیرآباد روڈ، کالج روڈ، پسرور روڈ، جامکے روڈ اور بینک روڈ کو ترجیحی بنیادوں پر پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ شہریوں کو آمد و رفت میں مزید سہولت میسر آ سکے۔انہوں نے کہا کہ مون سون کی شدید بارشوں کے باعث منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر ضرور ہوئی ہے تاہم اب کسی قسم کی مزید سستی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ عوامی مفاد میں ترقیاتی منصوبے بروقت اور معیاری انداز میں مکمل کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے تمام متعلقہ محکمے پوری ذمہ داری کے ساتھ اپنی ڈیوٹی سرانجام دیں۔ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور رفتار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے سخت نگرانی کی جا رہی ہے اور کاموں کا تسلسل روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کیا جا رہا ہے۔دورے کے موقع پر سی او میونسپل کمیٹی ڈسکہ الفت شہزاد اور ایم او انفراسٹرکچر اینڈ سروسز صائم علی بھی موجود تھے۔