عقیدہ ختم نبوتؐ اسلام کی اساس اور ایمان کا بنیادی جز وہے،صاحبزادہ زبیر

ہفتہ 23 اگست 2025 20:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2025ء) کراچی میں عظیم الشان سالانہ مرکزی ختم نبوت کانفرنس کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، 13 ستمبر کو کراچی کے تاریخی نشتر پارک میں مرکزی جماعت اہلسنّت کراچی کے زیراہتمام منعقد ہونے والی اس کانفرنس کے دعوت ناموں کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے، شہر بھر میں بینرز، پوسٹرز اور پینافلیکس آویزاں کر دیے گئے ہیں جبکہ علما، مشائخ، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو ملاقاتوں کے ذریعے اس تاریخی اجتماع میں شرکت کی دعوت دی جا رہی ہے۔

اس موقع پر مرکزی جماعت اہلسنّت کراچی کے امیر علامہ صاحبزادہ محمد زبیر صدیقی ہزاروی نے اپنے بیان میں کہا کہ عقیدہ ختم نبوت اسلام کی اساس اور ایمان کا بنیادی جز ہے، اس کے تحفظ کے لیے ہر مسلمان بیدار اور ہمہ وقت مستعد ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نشتر پارک میں منعقد ہونے والی یہ کانفرنس ایک عظیم دینی، فکری اور روحانی اجتماع ہوگا جس میں ملک بھر سے نامور علما و مشائخ خطاب کریں گے اور تحفظ ناموس رسالت و ختم نبوت کے پیغام کو عام کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عقیدہ ختم نبوت پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں، اس پیغام کو عام کرنے اور نئی نسل کو اس عقیدے سے روشناس کرانے کے لیے یہ کانفرنس سنگ میل ثابت ہوگی۔ علامہ زبیر صدیقی ہزاروی نے کارکنان اور ذمہ داران کو ہدایت کی کہ شہر کے ہر کونے تک دعوت پہنچائی جائے، مساجد، مدارس اور عوامی مقامات پر اس کانفرنس کی اہمیت اجاگر کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس بابرکت اجتماع میں شریک ہوں۔

مرکزی جماعت اہلسنّت کراچی کے رہنماؤںمولانافیاض احمدنقشبندی، پیر فاروق شاہ ہمدانی، سید ریاض اشرفی، مولاناغلام غوث گولڑوی، مولانافرحان شاہ نعیمی، سعید اختر ملک، شیرمحمدنورانی ودیگر نے کہاہے کہ یہ کانفرنس اتحاد امت، بیداری ملت اور تحفظ عقیدہ ختم نبوت کے عملی اظہار کا ایک عظیم مظہر ہوگی جس میں عوام الناس کی بڑی تعداد شریک ہو کر اپنی دینی وابستگی اور عقیدت کا اظہار کرے گی۔

متعلقہ عنوان :