جمعیت علماء اسلام کی بنیاد ،طاقت کسی وقتی مفاد یا اقتدار کی ہوس نہیں ،نظریے پر رکھی گئی جس نے امت مسلمہ کو ایک لڑی میں پرو رکھا ہے،سینیٹر مولانا عبدالواسع

ہفتہ 23 اگست 2025 21:35

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2025ء) امیرِ جمعیت علماء اسلام بلوچستان وسینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام کی بنیاد اور اصل طاقت کسی وقتی مفاد یا اقتدار کی ہوس پر نہیں بلکہ اس نظریے پر رکھی گئی ہے جس نے امتِ مسلمہ کو ایک لڑی میں پرو رکھا ہے۔ یہی نظریہ ہماری اصل پہچان، سرمایہ اور مشعلِ راہ ہے۔اقتدار کا سب سے بڑا امتحان یہ ہے کہ کوئی اس کا لالچ نہ کرے۔

ہماری جماعت نے ہمیشہ اس اصول کو اپنایا ہے کہ نظریہ ہی قوموں کی زندگی کا محور ہیانہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام نے اپنے کارکنوں کو وقتی نعروں کے پیچھے لگنے کے بجائے استقامت اور ثابت قدمی کا سبق دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج کارکن پہاڑ کی طرح مضبوط اور چٹان کی طرح قائم ہیں۔

(جاری ہے)

ہمارے کارکن جانتے ہیں کہ اصولوں پر سودہ کرنے والی قومیں وقت کے تھپیڑوں میں بکھر جاتی ہیں، مگر نظریے پر ڈٹے رہنے والے تاریخ کا حصہ بنتے ہیں۔

مولانا عبدالواسع نے کہا کہ وطنِ عزیز کی محبت ہمارے کارکنوں کی رگ و پے میں رچی بسی ہے۔ ہم نے ہمیشہ آئین اور قانون کی پاسداری کو اپنا شعار بنایا ہے، وہ آئین جسے ہمارے اسلاف نے دینی تقاضوں کے عین مطابق بنایا۔ وہ قوم کبھی غلام نہیں بن سکتی جس کے لوگ قانون کی حکمرانی پر ایمان رکھتے ہوں۔ یہی وجہ ہے کہ جمعیت کا کارکن جان دے سکتا ہے لیکن آئین کے تقدس کو پامال نہیں ہونے دیتا۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علما اسلام سے اس کا مینڈیٹ ایسے چھینا گیا گویا یہ کوئی کل کی نوزائیدہ جماعت ہو۔ ہماری صدی کی قربانیوں اور خدمات کو فراموش کر دیا گیا۔ اقتدار ان ہاتھوں میں تھما دیا گیا جنہوں نے صوبے کو ترقی کی شاہراہ کے بجائے مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا۔ عوام کے حصے میں صرف وعدے آئے، اور بدانتظامی نے صوبے کو بحرانوں میں الجھا دیا۔

۔انہوں نے کہا کہ آج بھی ہم پورے یقین سے یہ کہتے ہیں کہ جمعیت علمائ اسلام کو اس کا جائز مینڈیٹ واپس کیا جائے اور اقتدار اہل قیادت کے سپرد کیا جائے۔ ہم اس قوم کو یہ گارنٹی دیتے ہیں کہ اگر اقتدار اہل لوگوں کے حوالے کیا گیا تو وہ صوبے کو ان ہیجانی کیفیات اور بداعتمادی کے گرداب سے نکال کر امن و ترقی کی راہوں پر ڈالیں گے۔ جمعیت علماء اسلام کا پیغام روزِ روشن کی طرح واضح ہے۔ ہم اصولوں پر کبھی سودہ نہیں کریں گے، نہ اقتدار کی لالچ میں اپنے نظریے کو بیچیں گے۔ عوام نے ہمارا ساتھ دیا ہے اور کارکن اپنی استقامت پر ڈٹے یے وہ دن دور نہیں جب بلوچستان ایک بار پھر امن، ترقی اور خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن ہو گا۔

متعلقہ عنوان :