فرح اقرار کی بچوں کی خواہش سے متعلق پہلی بار لب کشائی

زندگی کا مقصد صرف بچے نہیں ہوتے، زندگی کے اور بھی بہت سارے مقاصد ہو سکتے ہیں،سابق نیوز کاسٹر

جمعرات 28 اگست 2025 15:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء)سابق نیوز کاسٹر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر فرح اقرار نے بچے نہ ہونے اور بچوں کو گود لینے سے متعلق پہلی بار لب کشائی کردی۔فرح اقرار معروف ٹی وی میزبان اقرار الحسن کی اہلیہ ہیں، ان کی شادی کی تقریبا ڈیڑھ دہائی ہونے والی ہے، تاہم انہیں کوئی اولاد نہیں۔فرح اقرار کے شوہر اقرار الحسن کو پہلی اہلیہ قرت العین سے ایک بیٹا پہلاج ہے جب کہ انہیں تیسری بیوی عروسہ خان سے بھی تاحال کوئی اولاد نہیں۔

شادی کو کافی عرصہ گزر جانے کے بعد بھی بچے نہ ہونے پر مداح فرح اقرار سے سوالات کرتے دکھائی دیتے ہیں اور حال ہی میں بھی ایک خاتون مداح نے ان سے بچوں سے متعلق سوال کیا۔فرح اقرار نے مداحوں کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات دینے کی ویڈیو یوٹیوب پر شیئر کی، جہاں انہوں نے مختلف جوابات دیے۔

(جاری ہے)

ایک خاتون مداح نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ کسی بچے کو گود لے لیں، ان کی زندگی کا مقصد پورا ہوجائے گا۔

خاتون مداح کے سوال پر فرح اقرار نے محبت بھرا جواب دیا اور کہا کہ زندگی کا مقصد صرف بچے نہیں ہوتے، زندگی کے اور بھی بہت سارے مقاصد ہو سکتے ہیں۔سابق نیوز کاسٹر کا کہنا تھا کہ اگر کوئی سوچے تو زندگی بہت خوبصورت چیز ہے اور اس کے بہت اچھے اچھے مقاصد بھی ہوسکتے ہیں۔فرح اقرار نے مداح کو جواب دیا کہ اگر خدا نے انہیں توفیق عطا کی تو وہ ضرور کسی بچے کو گود لیں گی اور یہ ایک اچھا عمل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر خدا انہیں اپنا بچہ بھی عطا کریں تو بھی بہت اچھی اور خوبصورت بات ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ سب خدا کے ہاتھ میں ہے، ان کی ہی عطا کردہ چیزیں ملتی ہیں، جو نصیب میں ہوگا، وہ انہیں ملے گا۔