پاکستان آئیڈل،نوجوانوں کی سحر انگیز پرفارمنس، ججز بھی دنگ رہ گئے

منگل 21 اکتوبر 2025 11:54

پاکستان آئیڈل،نوجوانوں کی سحر انگیز پرفارمنس، ججز بھی دنگ رہ گئے
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2025ء) پاکستان آئیڈل 2025 نے سب کے دل جیت لیے، صرف عوام ہی نہیں بلکہ معروف شخصیات بھی نوجوان ٹیلنٹ کے سحر میں جکڑ گئیں۔پاکستان کا سب سے بڑا موسیقی شو پاکستان آئیڈل ایک طویل وقفے کے بعد شاندار انداز میں دوبارہ جلوہ گر ہوا ہے۔ ملک بھر سے گلوکار اپنی آوازوں کے ساتھ امیدوں اور خوابوں کا سامان لیے اس اسٹیج پر اترے ہیں۔

نئے سیزن کے آغاز کے ساتھ ہی ملک بھر کے نئے نوجوان گلوکاروں نے اپنی آوازوں کا جادو بکھیر دیا۔

(جاری ہے)

اس سال جب نئے ٹیلنٹ نے آڈیشن دیا تو آواز، انداز اور پیشکش، تینوں امتحانوں میں شرکا کو پرکھنا ججز کے لیے بھی آسان نہ تھا۔ ہر گلوکار کے پیچھے ایک خواب اور جدوجہد کی کہانی تھی، مگر اگلے مرحلے میں جگہ بنانے کا اعزاز صرف انہیں ملا جنہوں نے اپنی شاندار محنت اور جزبے سے اسٹیج کو روشن کیا۔

پہلی قسط کے ساتھ ہی شو نے ناظرین کو اپنی گرفت میں لے لیا۔ ایک کے بعد ایک گلوکاروں نے اپنی پرفارمنس پیش کی، کہیں کلاسیکی رنگ تھا تو کہیں جدید دھنوں کی جھلک۔ کچھ آوازیں ایسی تھیں جنہوں نے ججز کو حیران کر دیا، اور کئی شرکا ایسے بھی تھے جنہیں اگلے مرحلے کے لیے منتخب کر کے اسٹیج نے ان کے خوابوں کو حقیقت کا روپ دیا۔