شام اور اسرائیل کے درمیان ثالثی کردار ادا کر رہے ہیں ، آذربائیجان

ہمار بنیادی مقصد مشرقِ وسطی میں امن و استحکام کو فروغ دینا ہے،صدرالہام علیوف

جمعرات 28 اگست 2025 15:44

باکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء)آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے کہا ہے کہ ان کا ملک اسرائیل اور شام کے درمیان ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے اور مشرقِ وسطی میں امن قائم کرنے میں اپنا حصہ ڈالنا چاہتا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق انہوں نے کہاکہ آذربائیجان کی وساطت سے شامی اور اسرائیلی حکام کے درمیان ملاقات ہوئی، تاہم انھوں نے ملاقات کا مقام نہیں بتایا۔

(جاری ہے)

صدر نے واضح کیا کہ ان کے ملک کا بنیادی مقصد مشرقِ وسطی میں امن و استحکام کو فروغ دینا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ آذربائیجان شام کو انسانی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون فراہم کر رہا ہے۔ان کے مطابق آذری گیس شام تک ایک چار فریقی معاہدے کے تحت پہنچ رہی ہے، جو 12 جولائی کو آذربائیجان، ترکی، شام اور قطر کے درمیان طے پایا۔ معاہدے کے مطابق فی الحال 1.2 ارب مکعب میٹر گیس فراہم کی جا رہی ہے، جسے مستقبل میں بڑھایا بھی جا سکتا ہے۔