خیبر پختونخوااسمبلی کی صحت سے متعلق قائمہ کمیٹی کا اجلاس

اجلاس میں محکمہ صحت سے متعلق مختلف امور زیر بحث آئے

جمعرات 28 اگست 2025 23:13

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اگست2025ء)خیبر پختونخوااسمبلی کی صحت سے متعلق قائمہ کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے چئرمین و رکن صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے جیل خانہ جات ہمایون خان اور اراکین صوبائی اسمبلی عبید الرحمٰن، اعجاز خان، تاج محمد خان ترند، شیلا بانو، صوبیہ شاہد، عبدالسلام، شیر علی آفریدی، رحانہ اسماعیل اور اکرام اللہ غازی نے شرکت کی۔

اجلاس میں محکمہ صحت سے متعلق مختلف امور زیر بحث آئے۔ کمیٹی نے ہدایت دی کہ ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کیا جائے اور دو سالہ تبادلوں کی پالیسی وضع کی جائے تاکہ ایسے ڈاکٹرز جو پانچ سے دس سال سے ایک ہی مقام پر تعینات ہیں ان کا تبادلہ کر کے کسی قسم کی اجارہ داری کو روکا جا سکے۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے مزید کہا کہ جنرل کیڈر کے ڈاکٹروں کو مینجمنٹ کیڈر کی آسامیوں پر تعینات نہ کیا جائے۔

کمیٹی ممبران نے مزید کہا کہ وہ ہسپتالوں کے اچانک دورے کریں گے تاکہ یقینی بنایا جا سکے کہ خواتین کے الٹراساؤنڈ صرف خواتین سے کرائے جائیں۔ کمیٹی نے واضح کیا کہ اگر کسی یونین کی سرگرمیاں قواعد و ضوابط کے خلاف پائی گئیں تو اسے قانون کے مطابق ختم کیا جائے۔محکمہ صحت کے حکام نے اجلاس کو یقین دلایا کہ کمیٹی کی تمام ہدایات پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ مزید بتایا گیا کہ محکمہ صحت میں بائیو میٹرک حاضری کا نظام بھی فعال کر دیا گیا ہے اور تمام عملے کی حاضری یقینی بنائی جا رہی ہے۔ کمیٹی چئیرمین نے اجلاس کے اختتام پر کہا کہ عوام کے مفاد ہرکام سرانجام دیا جائے گاتاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دے سکیں۔