Live Updates

سیلاب سے جاں بحق افراد کے ورثاء کیلئے 20 لاکھ روپے امداد کا اعلان، غیرقانونی تعمیرات پر کوئی معاوضہ نہیں

سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے گھروں، فصلوں اور مال مویشی کے نقصانات کا سروے کیا جارہا ہے، حکومت نے طے کیا ہے آئندہ آبی گزرگاہوں میں کسی قسم کی تعمیرات کی اجازت نہیں ہوگی؛ وفاقی وزیر عطا تارڑ کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 29 اگست 2025 10:54

سیلاب سے جاں بحق افراد کے ورثاء کیلئے 20 لاکھ روپے امداد کا اعلان، غیرقانونی ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اگست 2025ء ) حکومت نے سیلاب سے جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثاء کیلئے 20 لاکھ روپے فی کس امداد کا اعلان کردیا تاہم غیرقانونی تعمیرات پر کوئی معاوضہ نہیں ملے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے وزیرآباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سیلاب سے جاں بحق افراد کے ورثاء کیلئے 20، 20 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا گیا ہے، تاہم غیر قانونی تعمیرات کے گرنے پر معاوضہ نہیں مل سکتا کیوں کہ جو لوگ آبی گزرگاہوں میں رہتے ہیں انہیں نقصانات کا معاوضہ ادا کرنا ممکن نہیں ہوگا اور حکومت نے یہ بھی طے کیا ہے کہ آئندہ سے آبی گزرگاہوں میں کسی قسم کی تعمیرات کی اجازت نہیں ہوگی۔

ان کا کہنا ہے کہ پہلی بار بارش کے 3، 4 سسٹم ساتھ ساتھ آئے ہیں، 3 دریاؤں کی طغیانی میں 2 لاکھ سے زائد افراد کو ریسکیو کیا گیا، پاک فوج اور انتظامیہ نے بروقت رسپانس دے کر کئی افراد کو بچایا، گوجرانوالہ اور وزیرآباد میں بڑے پیمانے پر تباہی کو روکنے کے لیے اداروں کے درمیان مثالی تعاون ہوا، متاثرین کو خیمے، خوراک اور طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں، سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے گھروں، فصلوں اور مال مویشی کے نقصانات کا سروے کیا جارہا ہے جب کہ سیلاب کے باعث سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازیں 24 گھنٹے کے لیے معطل ہوئیں، تاہم رن وے اور ٹرمینل محفوظ ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں سیلاب نے تباہی مچادی ہے جہاں لاکھوں افراد کو نقل مکانی کرنا پڑی، صوبے میں مواصلات کا نظام درہم برہم ہوگیا، کئی علاقوں میں لوگ ڈوبے مکانوں کی چھتوں پر پناہ لینے پر مجبور ہیں اور کھڑی فصلیں بھی تباہ ہوگئیں، ملک بھر میں جاری بارشوں اور بھارت کی طرف سے پانی چھوڑے جانے کی وجہ سے دریائے چناب، ستلج اور راوی میں اونچے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو رہا ہے، لاہور کے متعدد علاقوں میں سیلابی پانی داخل ہوچکا ہے جہاں پارک ویو جیسی پوش سوسائٹی بھی ڈوب چکی ہے کیوں کہ دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے جس کی وجہ سے فرخ آباد، عزیز کالونی، امین پارک، افغان کالونی، شفیق آباد، مریدوالا کے علاقے متاثر ہوئے ہیں۔

Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات