آزاد جموں و کشمیرپیرا نے نجی تعلیمی اداروں کو طلباء سے براہِ راست فیس وصول کرنے یادبائو میں لانے سے روک دیا

جمعرات 28 اگست 2025 22:51

چناری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اگست2025ء)آزاد جموں و کشمیر پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز رجسٹرنگ اتھارٹی (PEIRA) نے آزاد کشمیر بھر میں قائم نجی تعلیمی اداروں کو طلباء طالبات سے براہِ راست فیس وصول کرنے یا فیس جمع کرانے کے لیے انہیں دبائو میں لانے سے روک دیا ،خلاف ورزی کرنے والے نجی تعلیمی اداروں کے خلاف آزاد جموں و کشمیر پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز ایکٹ 2007ء کے تحت سخت کارروائی کا سرکلر جاری کردیا گیا ۔

(جاری ہے)

آزاد جموں و کشمیر پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز رجسٹرنگ اتھارٹی کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق فیس سے متعلق تمام معاملات والدین یا سرپرستوں کے ساتھ طے کیے جائیں گے، جبکہ طلبہ کو میسنجر کے طور پر استعمال کرنا یا ان کی مالی حیثیت کو ظاہر کرنا سختی سے ممنوع قرار دیا گیا ہے، فیس کی عدم ادائیگی کی بنیاد پر کسی بھی طالب علم کو کلاس روم یا امتحان سے محروم نہیں کیا جا ئے گا اور نہ ہی اس حوالے سے بچوں کو ذلت و تحقیر کا نشانہ بنایا جائے گا،اتھارٹی نے واضح کیا کہ ہر پرائیویٹ ادارے کیلئے فیس وصولی کے معاملات صرف اکائونٹس آفس کے ذریعے نمٹانے لازمی ہوں گے، بصورت دیگر آزاد جموں و کشمیر پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز ایکٹ 2007ء کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی،یہ سرکلر ایک ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے جب جہلم ویلی کے علاقہ کھٹائی کے رہائشی، نجی سکول گوجر بانڈی میں زیر تعلیم آٹھویں جماعت کے طالب علم نے فیس کی عدم ادائیگی اور سکول انتظامیہ کی طرف سے فیس طلب کرنے کے بعد مبینہ طور پر دلبرداشتہ ہو کر رواں ہفتے منگل کے روز دریا میں کود کر خودکشی کر لی تھی۔

متعلقہ عنوان :