Live Updates

دریائے چناب میں متوقع سیلاب کے پیشِ نظر کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری مظفرگڑھ پہنچ گئے

جمعرات 28 اگست 2025 20:27

ڈیرہ غا زیخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اگست2025ء)دریائے چناب میں متوقع سیلاب کے پیشِ نظر کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری مظفرگڑھ پہنچ گئے جہاں انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے ساتھ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔کمشنر نے ڈپٹی کمشنر آفس میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ چیف انجنیئر اریگیشن رانا ذوالفقار علی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عوید ارشاد بھٹی اور ایڈیشنل کمشنر جنرل میڈم انعم سمیت متعلقہ اداروں کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں سیلابی صورتحال، ممکنہ خطرات اور حفاظتی اقدامات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں ریسکیو 1122، محکمہ انہار، محکمہ صحت، پولیس، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے اپنی تیاریوں سے متعلق بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

بعد ازاں کمشنر نے فلڈ کنٹرول روم کا دورہ کیا اور وہاں موجود عملے سے دریائے چناب کی موجودہ اور متوقع صورتحال پر رپورٹ حاصل کی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ سیلابی پانی کے بہاؤ، بندوں کی مضبوطی اور ریلیف آپریشن سے متعلق تمام اقدامات کو حتمی شکل دی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی ممکن ہو سکے۔کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ انتظامیہ اور تمام متعلقہ ادارے 24 گھنٹے الرٹ رہیں اور عوام کو ہر ممکن تحفظ فراہم کرنے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائیں۔

انہوں نے پی ڈی ایم اے حکام کو ہدایت کی کہ ریسکیو اور ریلیف کے اقدامات مکمل کر کے انہیں حتمی شکل دی جائے تاکہ متاثرہ علاقوں میں کسی بھی ممکنہ نقصان کو کم سے کم رکھا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو بروقت آگاہی فراہم کرنے کے لیے میڈیا اور لوکل انفارمیشن نیٹ ورکس کو بھی متحرک رکھا جائی جبکہ حساس علاقوں میں ریلیف کیمپ قائم کیے جائیں اور مقامی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی تیاری مکمل رکھی جائے۔ذرائع کے مطابق دریائے چناب میں پانی کا بہاؤ مسلسل بڑھ رہا ہے اور انتظامیہ نے نشیبی علاقوں کے مکینوں کو متنبہ کر دیا ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ضرورت پڑنے پر فوری محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات