عالمی چیلنجز کا بہتر طور پر مقابلہ کرنے کے لئے اقوام متحدہ کے کردار کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے ، چین

جمعہ 29 اگست 2025 13:10

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) چین کے نائب وزیر خارجہ ما ژاؤ شو نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے کردار کو کمزور کرنے کے بجائے مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے تاکہ یہ ادارہ عالمی چیلنجز کا بہتر طور پر مقابلہ کر سکے۔شنہوا کے مطابق انہوں نے دوسری جنگِ عظیم میں فتح کی 80ویں سالگرہ کی تقریبات کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ برسوں میں بڑے بحرانوں نے یہ واضح کر دیا ہے کہ اقوام متحدہ کی حیثیت اور اس کا کردار برقرار رہنا چاہیے۔

ما ژاؤ شو نے کہا کہ اقوام متحدہ کی کارکردگی اس بات پر منحصر ہے کہ رکن ممالک یو این چارٹر پر عمل کریں، بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کریں اور بین الاقوامی تعلقات کے بنیادی اصولوں کو اپنائیں۔انہوں نے زور دیا کہ ادارے میں اصلاحات وقت کی ضرورت ہیں تاکہ ترقی پذیر ممالک کو بین الاقوامی معاملات میں زیادہ نمائندگی مل سکے۔

(جاری ہے)

چینی نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ آٹھ دہائیوں سے اقوام متحدہ دنیا بھر کے عوام کی امن اور ترقی کی امنگوں کا ترجمان رہا ہے اور آج بھی یہ سب سے زیادہ بااختیار اور نمائندہ عالمی ادارہ ہے۔

تاہم انہوں نے اس پر تشویش ظاہر کی کہ چند ممالک کی یکطرفہ پالیسیوںاور معاہدوں سے علیحدگی نے عالمی نظام کو نقصان پہنچایا ہے۔انہوں نے کہا کہ چین حقیقی کثیرالجہتی پر عمل پیرا ہے اور عالمی امور میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ما ژاؤ شو نے مزید کہا کہ جب اقوام متحدہ نے اپنے 80 بر س مکمل کر لئے ہیں تو چین تمام ممالک کے ساتھ مل کر اس کے کردار کو مزید مضبوط بنانے اور زیادہ منصفانہ و مساوی عالمی حکمرانی کے نظام کے قیام کے لیے تیار ہے۔