زیلنسکی، پیوٹن اب بھی صرف جنگ جاری رکھنے کے خواہاں ہیں

جمعہ 29 اگست 2025 19:01

زیلنسکی، پیوٹن اب بھی صرف جنگ جاری رکھنے کے خواہاں ہیں
کیف/وارسا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اگست2025ء) یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اب بھی صرف جنگ جاری رکھنے میں دلچسپی رکھتے ہیں اور امن کی کوئی حقیقی خواہش نہیں رکھتے۔زیلنسکی نے یہ بات پولینڈ میں ہونے والی ایک ورچوئل ملاقات کے دوران کہی، جس میں پولش صدر کیرول ناوروسکی کے علاوہ استونیا، لتھوانیا، لٹویا اور ڈنمارک کے رہنما بھی شریک تھے۔

اس اجلاس کا انعقاد کیف پر روسی بمباری کے بعد ہوا، جس میں 22 افراد ہلاک ہوئے۔یوکرینی صدر نے کہا کہ روس کے ساتھ کسی بھی ممکنہ امن معاہدے کے لیے یوکرین کو مضبوط سیکیورٹی گارنٹیوںکی ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یورپی اتحادی اپنی پوزیشنز ہم آہنگ کر رہے ہیں تاکہ روس پر مزید دباؤ ڈالا جا سکے، خصوصاً ان سفارتی بات چیت کے موقع پر جو فروری 2022 میں شروع ہونے والی جنگ کے بعد سے جاری ہیں۔

(جاری ہے)

زیلنسکی نے مزید کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی سیکیورٹی گارنٹیوں کے حوالے سے بات چیت میں تعاون پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ ان کے مطابق عالمی سطح پر اس بات پر اتفاق ہونا چاہیے کہ پیوٹن پر مزید دباؤ ڈالا جائے تاکہ جنگ کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔اادھر امریکی صدر ٹرمپ نے بھی عندیہ دیا ہے کہ اگر تنازعے کے حل میں پیش رفت نہ ہوئی تو وہ ماسکو پر نئی اقتصادی پابندیاں عائد کر سکتے ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق، یہ پیش رفت یوکرین تنازعے کے سیاسی حل کے امکانات اور مغربی اتحادیوں کی حکمت عملی کے لیے اہم سنگِ میل ثابت ہو سکتی ہے۔