لاہور ہائیکورٹ کا ٹیوب ویل بورنگ مزدوروں کو بازیاب کر اکرحفاظتی ضمانت پر رہا کرنیکاحکم

جمعہ 29 اگست 2025 13:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے ٹیوب ویل کی بورنگ کرنیوالے 5 مزدوروں کو پولیس حراست سے بازیاب کراتے ہوئے سوموار تک حفاظتی ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے سی پی او فیصل آباد کو ایس ایچ او تھانہ ڈجکوٹ کے خلاف تحقیقات کرنے کا بھی حکم دے دیا۔جسٹس جواد ظفر نے درخواست گزار ظہیر احمد کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران جسٹس جواد ظفر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ملزم گرفتار کئے مگر گرفتاری کیوں ظاہر نہیں کی گئی؟ روز نامچہ ساتھ کیوں نہیں لائے؟ آپ نے قانونی تقاضے پورے کیوں نہیں کئے؟"پولیس کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ دیہاتیوں کی ون فائیو کال پر مقدمہ درج اور اسی بنیاد پر مزدوروں کو گرفتار کیا گیا۔درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ اصغر علی، شرجیل، الیاس، ریحان اور افضال ٹیوب ویل کی بورنگ کرنے والے مزدور ہیں جنہیں جھوٹے مقدمے میں ملوث کر کے غیر قانونی طور پر حراست میں رکھا گیا۔

تھانہ ڈجکوٹ پولیس نے عدالت میں پانچوں افراد کو پیش کیا۔جس پر عدالت نے پولیس حراست سے مزدوروں کو بازیاب کرا کے رہائی کا حکم اور سی پی او فیصل آباد کو ایس ایچ او تھانہ ڈجکوٹ کے خلاف تحقیقات کرنے کے احکامات جاری کردیئے ۔