اے آئی فار گڈ گلوبل سمٹ 2025 جنیوا میں شروع ہوگئی

جمعہ 29 اگست 2025 14:20

جنیوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) مصنوعی ذہانت کو انسانی فلاح کیلئے استعمال کرنے کے حوالے سے ’’اے آئی فار گڈ گلوبل سمٹ 2025 ‘‘جنیوا میں شروع ہوگئی۔ترک خبررساں ادارے انادولو کی رپورٹ کے مطابق اے آئی گلوبل سمٹ کے ساتویں ایڈیشن میں عالمی رہنما، ٹیکنالوجی ماہرین اور سول سوسائٹی کے نمائندے شریک ہیں تاکہ یہ جائزہ لیا جا سکے کہ مصنوعی ذہانت کو انسانیت کی فلاح کے لیے کس طرح استعمال کیا جا سکتا ہے۔

یہ چار روزہ اجلاس انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین کی میزبانی اور سوئس حکومت اور 40 سے زائد اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کے تعاون سے پالیگژپو کنونشن سینٹر میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ اجلاس کا مقصد صحت، موسمیاتی تبدیلی، تعلیم اور شمولیتی ترقی سمیت عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مصنوعی ذہانت کے عملی حل تلاش کرنا ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں حکومتوں، صنعت، تعلیمی اداروں اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندے خطاب کریں گے۔

ایونٹ میں مصنوعی ذہانت کی ایپلی کیشنز کے براہ راست مظاہرے، جدید ٹیکنالوجیز کی نمائش اور نیٹ ورکنگ زونز شامل ہیں تاکہ شراکت داری کو فروغ دیا جا سکے۔ اس کے علاوہ خصوصی سیشنز میں اخلاقی پہلوؤں اور ریگولیٹری فریم ورک پر بھی بحث کی جائے گی تاکہ عالمی سطح پر مصنوعی ذہانت کے مؤثر اور محفوظ استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔