نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی دنیا و آخرت میں کامیابی ممکن ہے،ڈپٹی کمشنر باغ

جشن عید میلاد النبی مذہبی عقیدت و احترام کیساتھ منایا جائے گا، تمام مسالک ایک دوسرے کے عقائد کا احترام کریں ،راجہ محمد صداقت

جمعہ 29 اگست 2025 14:25

باغ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اگست2025ء)ڈپٹی کمشنر باغ راجہ محمد صداقت نے کہا ہے کہ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی دنیا و آخرت میں کامیابی ممکن ہے، جشن عید میلاد النبی مذہبی عقیدت و احترام کیساتھ منایا جائے گا، تمام مسالک ایک دوسرے کے عقائد کا احترام کریں ربیع الاول کے جلوس کے دوران پولیس بھر پور سیکورٹی فراہم کرے گی دیگر تمام محکمہ جات اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے،سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے والوں پر کڑی نظر ہے کسی بھی سطح پر ایسا کوئی عمل ہوا جس سے کسی کی دل آزاری ہوئی تو سخت ایکشن لیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ربیع الاول کے حوالے سے بین المسالک ہم آہنگی کمیٹی کے منعقدہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ایس ایس پی چوہدری آمین سمیت دیگر ضلعی آفیسران اور تمام مسالک کے جید علمائے کرام موجود تھے، اجلاس میں علمائے کرام کیطرف سے 12ربیع الاول کے جلوسوں کے حوالے سے بریف کیا گیا، مین بازار سابقہ شفقت صدری کے قریب پروگرام ہو گا جبکہ 11ربیع الاول کو اہل تشیع کیطرف سے حیدری چوک میں پنڈال لگایا جائے گا اور بارہ ربیع الاول کو شام کے وقت قوالی ہو گی، تمام تحصیلوں میں بھی 12ربیع الاول کے جلوس ہونگے جو مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اپنی مختص شدہ جگہوں پر پہنچیں گے جہاں پر علماے کرام کے خطابات ہونگے، ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ نبی کریم ﷺ نے ہمیں روا داری، اخلاق، مساوات، ایمانداری، برداشت کا درس دیا ہے نبی کریم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی معاشرے میں سدھار لایا جا سکتا ہے اور ہم دنیا اور آخرت میں کامیاب ہو سکتے ہیں، تمام مسالک قابل احترام ہیں بین المسالک ہم آہنگی کمیٹی میں جید علمائے کرام موجود ہیں جنہوں نے ہمیشہ مذہبی منافرت کے خلاف کردار ادا کیا ہے اورباغ کی فضا کو ہمیشہ پر امن رکھا انتظامیہ، پولیس اور دیگر محکمہ جات تمام تر انتظامات میں بھر پور تعاون کریں گے ہم سب نے ملکر باغ کی فضا کو پر امن رکھنا ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت جاری کہ اپنی اپنی تحصیلوں میں بین المسالک ہم آہنگی کمیٹی کے اجلاس منعقد کر کے جشن میلاد النبی ﷺ کے انتظامات کو حتمی شکل دیں۔