Live Updates

ڈی سی لاہورکا ریسکیو آفس کا دورہ،سیلاب سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لیا

جمعہ 29 اگست 2025 15:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے رات گئے ریسکیو 1122 آفس کا دورہ کیا اور سیلاب سے نمٹنے کیلئے کئے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈسٹرکٹ ریسکیو آفیسر نے ڈپٹی کمشنر کو ریسکیو 1122 کی آپریشنل تیاریوں اور امدادی کارروائیوں پر بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر لاہور نے ریسکیو 1122 کو ہائی الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کیلئے ہمہ وقت تیار رہنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ موثر ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کیلئے تمام محکموں سے مربوط رابطہ یقینی بنایا جائے تاکہ سیلابی صورتحال میں بروقت ردعمل دیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ریسکیو1122 کو ہدایت دی کہ متاثرہ علاقوں سے لوگوں کے انخلا اور امدادی کارروائیوں کو تیز کیا جائے۔

ڈپٹی کمشنر سید موسی رضا نے اس بات پر زور دیا کہ سیلابی صورتحال میں زندگیاں بچانے کیلئے ریسکیو1122 کی کوششیں نہایت اہم ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بروقت ردعمل اور مربوط حکمت عملی کے ذریعے ہی سیلاب کے اثرات کو کم کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ریسکیو1122 کا عملہ متاثرہ علاقوں میں لوگوں کے انخلا کیلئے انتھک محنت کر رہا ہے اور اس کا کردار سیلاب کے دوران جانیں بچانے اور نقصانات کم کرنے میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :