Live Updates

فلڈ ریلیف کیمپس میں ادویات و ویکسینیشن سمیت تمام سہولیات فراہم کی گئی ہیں، کمشنرملتان ڈویژن

جمعہ 29 اگست 2025 15:40

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے سیلاب کے حوالے سے شجاع آباد فلڈ ریلیف کیمپس کا ہنگامی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو اور اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد حمیرا شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر نے شجاع آباد میں قائم فلڈ ریلیف کیمپس کا معائنہ کیا اور متاثرہ افراد سے ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے۔

انہوں نے ضلعی محکموں کو متاثرین کو ریلیف پہنچانے کے لیے ہنگامی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

موضع طاہر پور میں قائم کاونٹرز کا بھی جائزہ لیا اور افسران سے بریفنگ لی ۔ کمشنر نے کہا کہ دریائے چناب میں اونچے درجے کے سیلاب کے باعث شجاع آباد متاثر ہونے کا خدشہ موجود ہے تاہم فلڈ بندوں کی انسپکشن مکمل کرلی گئی ہے اور عوام کے بروقت انخلاء کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ریلیف کیمپس میں ادویات، ویکسینیشن اور دیگر سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ شجاع آباد اور جلالپور پیر والہ کے دریائی علاقوں کو ترجیحی بنیادوں پر خالی کرایا جا رہا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں تاکہ جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :