سی پی سی علمی فورمز نوجوان ڈاکٹروں کیلئے عملی تربیت کا ذریعہ ہیں‘پروفیسر فاروق افضل

جنرل ہسپتال میں کلینیکوپیتھالوجیکل بارے کانفرنس کا انعقاد، طبی ماہرین کا تعلیم و تحقیق کو فروغ دینے پر زور

جمعہ 29 اگست 2025 16:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اگست2025ء) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیرالدین میڈیکل کالج، پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا ہے کہ کلینیکوپیتھالوجیکل کانفرنس (سی پی سی ) جیسے علمی فورمز نہ صرف میڈیکل طلبہ اور نوجوان ڈاکٹروں کے لیے عملی تربیت کا بہترین ذریعہ ہیں بلکہ مریضوں کو معیاری علاج اور درست تشخیص میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی قابلیت پیدا کرنے میں بھی دور رس نتائج کے حامل ہوتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور جنرل ہسپتال میں منعقدہ کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پروفیسر خرم سلیم، پروفیسر حسین احمد خاقان، ڈاکٹر فائزہ اطہر، ڈاکٹر جاوید مگسی اور ڈاکٹر رومانہ اخلاق نے بھی اس موقع پر مختلف کلینیکل کیسز پر پیتھالوجیکل اور تشخیصی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا اورجدید علاج اور مریضوں کی دیکھ بھال کے نئے طریقہ کار پر روشنی ڈالی گئی۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں نوجوان ڈاکٹرز ، میڈیکل سٹوڈنٹس اور ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کثیر تعداد میں موجود تھے۔ پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا کہ پی جی ایم آئی، اے ایم سی اور ایل جی ایچ کا ماٹو ہے کہ طبی تعلیم، تحقیق اور مریضوں کی فلاح کیلئے جدید ترین سہولیات اور تربیتی مواقع فراہم کیے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی پی سی جیسے سیشنز نوجوان ڈاکٹروں کی صلاحیتوں کو نکھارتے ہیں اور انہیں مستقبل میں بہتر طبی فیصلے کرنے کے قابل بناتے ہیں۔

کانفرنس میں شریک پروفیسرز نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کے پروگرامز کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے تاکہ میڈیکل سائنس میں جدید رجحانات کو اپناتے ہوئے ادارہ تحقیق اور تعلیم کے میدان میں مزید ترقی کر سکے اور مریضوں کو بہترین علاج فراہم کیا جا سکے۔