وائس چانسلرجامعہ بلوچستان کا بوائز ہاسٹل کا دورہ، سہولیات و مجموعی نظم و نسق کا جائزہ لیا

جمعہ 29 اگست 2025 17:21

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) جامعہ بلوچستان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی نے جمعہ کو یونیورسٹی کے بوائز ہاسٹل کا دورہ کیا، جس کا مقصد طلبہ کو فراہم کی جانے والی رہائشی سہولیات، میس سسٹم، صفائی اور مجموعی نظم و نسق کا جائزہ لینا تھا تاکہ ان کی فلاح و بہبود اور کیمپس میں بہتر تعلیمی ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر غلام رزاق شاہوانی، رجسٹرار محمد طارق جوگیزئی، ڈین فیکلٹی آف بائیولوجیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد ایوب کاکڑ، پرووسٹ ہاسٹل ڈاکٹر عبدالرزاق اور ڈائریکٹر جنرل ایڈمنسٹریشن گل محمد کاکڑ بھی موجود تھے۔وائس چانسلر نے ہاسٹل کے کمروں، میس، صفائی، دیکھ بھال اور دیگر سہولیات کا معائنہ کیا اور طلبہ سے ملاقات کر کے ان کے مسائل اور تجاویز سنی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایک محفوظ، صاف اور آرام دہ رہائشی ماحول کی اہمیت پر زور دیا تاکہ طلبہ بغیر کسی رکاوٹ کے تعلیم پر توجہ مرکوز رکھ سکیں۔اس موقع پر وائس چانسلر اور ان کی ٹیم نے میس میں دوپہر کا کھانا بھی کھایا اور کھانے کے معیار و صفائی کو سراہا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو صفائی، دیکھ بھال اور انٹرنیٹ کی سہولیات میں بہتری کے لیے فوری اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے ہاسٹل انتظامیہ اور پرووسٹ آفس کی جانب سے نظم و ضبط برقرار رکھنے کی کوششوں کو سراہا اور اساتذہ و عملے پر زور دیا کہ وہ طلبہ کے مسائل کو اولین ترجیح دیتے ہوئے طلبہ مرکوز حکمت عملی اپنائیں۔